بولیرو کی ٹرک سے ٹکر ، چھ افراد کی موت

جودھ پور، اپریل ۔راجستھان میں جودھ پور ضلع کے بلارا علاقے میں ایک بولیرو کے ٹرک سے ٹکراجانے کے سبب دو خواتین اور ایک بچہ سمیت چھ افراد کی موت ہو گئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ پولس کے مطابق چورو ضلع کے یہ لوگ جودھپور ضلع کے بارمیر روڈ پر واقع اپنے کلدیوی ناگنا رائے ماتا کے مندر کے درشن کرنے جارہے تھے۔ اس دوران بلارا تھانہ علاقے کے جھڈلی فانٹا کے قریب ان کی بولیرو آگے جا رہے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ بولیرو گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔اس حادثے میں چورو ضلع کے راج گڑھ علاقے کے کھیالی گاؤں کے رہنے والے ادے پرتاپ سنگھ، منجو کنور، پروین سنگھ، مدھو کنور، چین سنگھ اور چھ سالہ درپن کنور کی موت ہو گئی۔ حادثے میں شدید زخمیوں کو جودھ پور بھیج دیا گیا۔حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ جودھ پور کے بلارا علاقے میں سڑک حادثے میں چھ لوگوں کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ سوگوار خاندان کے افراد کے تئیں میری گہری تعزیت ہے،بھگوان انہیں یہ نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے اور مہلوکین کی آتما کو شانتی دے۔ انہوں نے حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔

Related Articles