وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستان سری لنکا کی میزبانی کرے گا
کراچی، اپریل۔پاکستان وائٹ بال سیریز کے لیے سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا، جس میں آئی سی سی خواتین چیمپئن شپ کے ون ڈے میچ بھی شامل ہیں۔24 مئی سے 5 جون تک ہونے والے اس دورے میں دونوں ٹیمیں کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی جس کے بعد تین ون ڈے بھی کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 24 مئی، دوسرا 26 مئی اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 28 مئی کو کھیلا جائے گا جب کہ یکم، 3 اور 5 جون کو تین ون ڈے میچز ہوں گے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جس میں پاکستان فائنل راؤنڈ میں ، نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سے آگے پانچویں نمبر پر رہا تھا۔دونوں سیریز کے تمام میچ کراچی کے ساؤتھینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔ دسمبر 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے بعد یہ پاکستان کی پہلی بین الاقوامی سیریز ہوگی۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف پہلی بار اپنے گھر پر ویمنز چیمپئن شپ کا میچ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے اپنی سرزمین پر آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا میچ کھیلنا فخر کی بات ہے اور پاکستانی ٹیم سری لنکا کا استقبال کرنے کے لیے بہت پرجوش ہے۔ یہ سیزن ہمیں نئے سرے سے آغاز کرنے اور گھریلو ایڈوانٹیج کا زیاہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔ مجھے یقین ہے کہ ٹیم اپنی پوری صلاحیت کے مطابق پرفارم کرے گی اور پاکستانی کرکٹ شائقین کو ، جنہوں نے ہمیں بے پناہ سپورٹ کیا ہے، بہتر اور مستقل نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔ سمجھا جاتا ہے کہ دونوں ٹیمیں 19 مئی کو کراچی پہنچیں گی اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے پہلے تین دن تک پریکٹس کریں گی۔ کورونا وبا کے آغاز کے بعد پہلی بار پاکستان میں بائیو ببل سے باہر سیریز کھیلی جائے گی۔