مودی نے پرائم منسٹر میوزیم کا افتتاح کیا

نئی دہلی، اپریل ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کے تمام وزرائے اعظم کی زندگی اور ان کی خدمات پر وزیر اعظم میوزیم کا افتتاح کیا۔مسٹر مودی صبح تقریباً 11 بجے تین مورتی بھون میں واقع نہرو میموریل و میوزیم پہنچے جہاں مرکزی وزیر ثقافت جی کشن ریڈی نے ان کا استقبال کیا۔ مسٹر مودی نے بعد میں میوزیم کا دورہ کیا اور پھر سائن بورڈ کی نقاب کشائی کرکے میوزیم کا افتتاح کیا۔ یہ افتتاح آئین کے معمار بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر مملکت ایم جے اکبر بھی موجود تھے۔ آزادی کے امرت مہوتسو کے جشن کے دوران شروع کیا گیا یہ میوزیم آزادی کے بعد تمام وزرائے اعظم کی زندگیوں اور ان کی خدمات کے ذریعے لکھی گئی ہندوستان کی کہانی کو بیان کرتا ہے۔ ملک کی تعمیر میں ہندوستان کے تمام وزرائے اعظم کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پرائم منسٹر میوزیم ایک جامع کوشش ہے تاکہ آزادی کے بعد سے ہندوستان کے ہر وزیر اعظم کو ان کے نظریہ یا دور سے قطع نظر ملک کے لیے ان کی خدمات کے لیے خراج تحسین پیش کیا جائے۔ جس کا مقصد نوجوان نسل کو ہمارے تمام وزرائے اعظم کی قیادت، وژن اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ میوزیم کی عمارت کا ڈیزائن ابھرتے ہوئے ہندوستان کی کہانی سے متاثر ہے، جس کی تشکیل اس کے لیڈروں کے ہاتھوں سے کی گئی ہے۔ ڈیزائن میں پائیداری اور توانائی کے تحفظ سے متعلق ٹیکنالوجی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ منصوبے پر کام کے دوران کوئی درخت کاٹا یا ٹرانسپلانٹ نہیں کیا گیا۔ میوزیم کا لوگو ہندوستان کے لوگوں کے ہاتھوں کی نمائندگی کرتا ہے جس میں دھرم چکرا ہے، جو قوم اور جمہوریت کی علامت ہے۔ میوزیم میں کل 43 گیلریاں ہیں۔ جدوجہد آزادی کی نمائش سے لے کر آئین کی تشکیل تک یہ میوزیم اس کہانی کو بیان کرتا ہے کہ کس طرح ہمارے وزرائے اعظم نے مختلف چیلنجوں کے باوجود ملک کو ایک نئی راہ دکھائی اور ملک کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنایا۔

Related Articles