ایلون مسک کابورڈ میں شامل نہ ہونے کافیصلہ؛ٹویٹر کے حصص میں کمی
نیویارک،اپریل۔دنیا کی امیرترین شخصیت ایلون مسک کے ٹویٹرکمپنی کے بورڈ میں شامل نہ ہونے کے فیصلے کے بعد ٹویٹر انکارپوریٹڈ کے حصص میں کمی واقع ہوئی ہے۔یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو اپنے ہاتھ میں لیسکتے ہیں۔انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے بعد مسک نے اختتام ہفتہ پر ٹویٹر کے بورڈ میں عدم شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک ڈرامائی تبدیلی ہے اور اس سے ایک سابقہ سمجھوتا بھی ختم ہوگیا ہے جس کے تحت وہ اپنے حصص کو 14.9 فی صد سے زیادہ نہیں رکھ سکتے۔نیویارک میں پیر کو پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں ٹویٹر کے حصص کی قیمتوں میں قریباً 7 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مسک کے انکشاف کے بعد کہ انھوں نے ٹویٹرکمپنی کے حصص خرید کیے ہیں۔سرمایہ کاروں نے ان کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا ہے لیکن ان کے بورڈ میں شامل نہ ہونے کے فیصلے کے نتیجے میں ٹویٹر کے حصص میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں ہونے والے بڑھوتری اب الٹ ہوگئی ہے۔البتہ اب ایلون مسک ٹویٹر میں اپناحصہ بڑھانے اور ایک کارکن سرمایہ کارکی حیثیت سے کمپنی میں تبدیلیوں پرزور دینے کے لیے آزاد ہیں۔اب یہ قیاس آرائیاں بھی شروع ہوگئی ہیں کہ وہ کمپنی کے حصول میں دلچسپی لیسکتے ہیں۔بورڈ سے باہررہ کر مسک مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ سے گریزچاہتے ہیں اور ایسا اس وقت ہوتاہے جب بورڈ کے رکن کے بہت سے مالی مفادات بھی وابستہ ہوں جواس بات پراثراندازہوسکتے ہیں کہ وہ کس طرح ووٹ دیتے ہیں۔مسک اس وقت ٹویٹر کے صرف 9 فی صد سے زیادہ کے مالک ہیں اور وہ اس کے سب سے بڑے انفرادی حصص دارہیں۔ ٹیسلا انکارپوریٹڈ اور اسپیس ایکس کی کامیابی میں کارفرما ارب پتی نے ٹویٹرکمپنی کے کاروباری ماڈل میں تبدیلیوں کے لیے بہت سی تجاویزپیش کی ہیں۔ان میں اس کے سان فرانسیسکو میں واقع ہیڈکوارٹر کو بے گھر افراد کی پناہ گاہ میں تبدیل کرنا،ٹویٹس کے لیے ایڈٹ کا بٹن شامل کرنا، پریمیم صارفین کو خودکار تصدیقی نمبر دینا شامل ہے۔ٹویٹر کے سب سے زیادہ صارفین میں سے ایک، مسک نے سوشل میڈیا کے اس پلیٹ فارم پرتنازعات کا باقاعدگی سے مقابلہ کیا ہے۔انھوں نے ٹویٹرکو’’آزادیِ اظہار کے اصولوں پرعمل کرنے میں ناکامی‘‘ کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور کرپٹوکرنسی گھوٹالوں کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت پرزور دیا ہے کیونکہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرایسے دھندے بہت زیادہ ہیں۔واضح رہے کہ ٹویٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی ایلون مسک کے دوست ہیں۔