نائب صدر جمہوریہ ایم ونکیا نائیڈو نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ رواداری ، نظم و ضبط اور تحمل کی خوبیوں کو اپنائیں

نئی دہلی، اپریل۔نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم ونکیا نائیڈو نے آج نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پسند کے میدانوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے رواداری ، نظم و ضبط اور تحمل کے علاوہ سخت محنت ، دل لگاکر پڑھائی اور ہمدردی کی خوبیوں کو اپنائیں۔آج اپ راشٹرپتی نواس میں دہلی یونیورسٹی کے مختلف کالجوں کے تیلگو طلبا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ زندگی میں تعمیری اور مثبت سوچ کو فروغ دیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آپ سبھی طلبا کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ ذات پات مذہب اور خطے سے اوپر اٹھ کر سوچیں اور دیگر مذاہب کی کبھی بھی بے حرمتی نہ کریں۔ نائب صدر نے کہا کہ اگر کسی میں صبر تحمل کا مادہ نہیں ہے تو وہ لیڈر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لیڈر کو عوام کی جانب سے دیئے گئے فیصلے کو پوری طرح قبول کرنا چاہئے اور اس فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک لیڈر وہ ہوتا ہے جس میں صلاحیت ، اچھے برتاؤ اور اچھے کردار کی خوبیاں ہوں۔ دوڑ یا یوگ جیسی مستقل جسمانی ورزش کرکے فٹنیس برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے طلبا کو جنک فوڈ کھانے کے خلاف بھی متنبہ کیا۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عالمی وبا کووڈ نے قوت مدافعت کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے انہیں ایک صحت مند اور پروٹین سے بھرپور غذا پر توجہ دینے کا مشور دیا۔ جناب نائیڈو نے کسی بھی مادر ی زبان کے تحفظ اور اسے فروغ دینے کی ضرورت کو بھی دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بچہ کی ابتدائی تعلیم اس کی مادری زبان میں ہی ہونی چاہئے۔ بعد میں دیگر زبانوں میں مہارت حاصل کی جاسکتی ہے۔

 

Related Articles