مرکزی حکومت کے سائن بورڈ بھی مقامی زبان میں ہونے چاہئیں: نائیڈو
نئی دہلی، اپریل۔ایوان بالا راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے منگل کو حکومت کو ہدایت دی کہ مرکزی حکومت کے تمام سائن بورڈز کو انگریزی اور ہندی کے علاوہ مقامی زبانوں میں لازمی طور پر نشان زد کیا جائے۔ مسٹر نائیڈو نے پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وی مرلیدھرن سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ زیرو آور کے دوران چیئرمین کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک آزاد ملک ہونے کے ناطے اس حوالے سے قومی پالیسی ہونی چاہیے۔اس سے قبل ترنمول کانگریس کے سکھیندو شیکھر رائے نے یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ مرکزی حکومت کے سائن بورڈ تمام جگہوں پر ہندی اور انگریزی میں چھپے ہوئے ہیں، جس سے کچھ لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کو میٹرو ریل میں بھی لاگو کیا جانا چاہئے۔