تعلیمی اداروں کو ایس ڈی جی حاصل کرنے میں بڑا کردار ادا کرنا چاہئے : نائیڈو

نئی دہلی، مارچ ۔ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے تعلیمی اداروں سے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی)کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرائمری، سیکنڈری اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کواس سمت میں آگے بڑھانے کے لیے کوششیں کی جانی چاہیے ۔بدھ کے روز ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز (اے آئی یو) کے سالانہ اجلاس کا آن لائن افتتاح کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ پرائمری، سیکنڈری اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ایس ڈی جی حاصل کرنے کے لیے ایسے نظام کو اپنانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی جی کے حصول میں تعلیمی اداروں کا کردار اہم ہے اور اس سلسلے میں کالجز اور یونیورسٹیوں کو بڑا کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کالج اور یونیورسٹیاں تحقیق، پالیسی کی ترقی اور پائیدار ترقی کی حکمت عملیوں کے موثر نفاذ اور بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔پائیدار ترقی پر اقوام متحدہ کے ایجنڈا 2030 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2021 کے ایس ڈی جی انڈیکس میں ہندوستان 120 ویں نمبر پر ہے ۔ مختلف ایس ڈی جی کو حاصل کرنے میں غربت اور ناخواندگی جیسے چیلنجوں پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے جہاں تقریباً 1050 یونیورسٹیاں، 10,000 سے زیادہ پیشہ ور تکنیکی ادارے اور 42,343 کالج ہیں۔ اگر یہ سب اہداف کے حصول میں حصہ ڈالتے ہیں تو اس کا مجموعی عالمی منظر نامے پر بڑا اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر سمیت تمام ہندوستانی یونیورسٹیوں کو تعلیمی تفوق کے لئے کوشش کرنی چاہئے اور ہندوستان کو دوبارہ ‘وشو گرو بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 بصیرت انگیز ہے اور اس پر مکمل عملدرآمد سے ایس ڈی جی ایجنڈے کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

Related Articles