اسکول کھلنے کے بعد مڈ ڈے میل کا انتظام پھر سے شروع کیا جائے : سونیا
نئی دہلی، مارچ۔ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے حکومت سے اپیل کی کہ کورونا کی وجہ سے طویل عرصہ سے بند اسکولوں کے کھلنے کے بعد اب مڈڈے میل کا انتظام پھر سے شروع کیا جائے تاکہ بچوں کو گرم اورغذائیت سے پرپکا ہواکھانا مل سکے ۔بدھ کو محترمہ گاندھی نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ وبا شروع ہونے کے بعد اسکول جانے والے بچوں کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ اسکول سب سے پہلے بند ہوئے اور سب سے آخر میں کھلے ۔ اس دوران مڈ ڈے میل بند ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سوکھا راشن بچوں کے لئے غذائیت سے پر کھانے کا کوئی متبادل نہیں ہے ۔ ان بچوں کے کنبوں کو روزی روٹی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب بچوں کا اسکولوں میں جانا شروع ہوگیا ہے تو انہیں مزید بہتر غذا کی ضرورت ہے ۔محترمہ گاندھی نے حکومت سے درخواست کی کہ بچوں کو اسکول میں گرم اور پکا ہوا کھانا دستیاب کرانا شروع کیا جائے ۔محترمہ گاندھی نے کہاکہ کورونا جیسا بحران گزشتہ کئی برسوں میں پہلے کبھی نہیں آیا تھا۔ نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے تحت لوگوں کو راشن دیا گیا لیکن بچوں کے لئے پکے ہوئے کھانے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے بچے اسکولوں میں واپس آرہے ہیں، انہیں مزید بہتر غذا کی ضرورت ہے ۔ مڈ ڈے میل سے ان بچوں کو واپس اسکول لانے میں بھی مدد ملے گی، جو اس وبا کے آنے بعد سے اسکول جانا چھوڑ چکے ہیں۔