ہدایتکار عامر یوسف کے بھی ثناء جاوید پر سنگین الزامات
لاہور،مارچ۔پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف ہدایتکار عامر یوسف نے بھی اداکارہ ثناء جاوید پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے اُنہیں انتہائی غیر پیشہ ور فنکار قرار دے دیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ہدایتکار عامر یوسف نے اپنی ایک پوسٹ شیئر کی جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل کیپشن بھی لکھا۔عامر یوسف نے کہا کہ ’میں نے کبھی بھی کسی فنکار کے سیٹ پر غیر پیشہ ورانہ برتاؤ کے بارے میں بات نہیں کی لیکن اب مجھے محسوس ہورہا ہے کہ مجھے مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ ثناء جاوید انتہائی غیر پیشہ ور فنکار ہیں، اُنہوں نے میرے ڈرامہ سیریل ’اعتراض‘ کو لفظی طور پر تباہ کر دیا اور اگر وہ انکار کرتی ہیں تو میرے پاس دستاویزی ثبوت موجود ہیں کہ جو یہ ثابت کریں گے کہ ثناء جاوید نے میرے ساتھ کتنا بُرا کیا۔‘ہدایتکار نے کہا کہ ’ثناء جاوید نے ناصرف میرا پراجیکٹ تباہ کیا بلکہ اُنہوں نے میرے سینئر ندیم بیگ کے ساتھ میرے تعلقات کو بھی تباہ کیا جنہیں میں اپنا سرپرست اور محسن سمجھتا ہوں۔‘اپنی پوسٹ کے آخر میں عامر یوسف نے کہا کہ ایکٹرس الائنس ٹرسٹ (اے سی ٹی) پاکستان کی چیئرپرسن عتیقہ اوڈھو اور یونائیٹڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن(یو پی اے) کے چیئرمین نبیل ظفر سے درخواست کی وہ دونوں ایسوسی ایشنز کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دیں اور ثناء جاوید پر لگائے گئے سنگین الزامات کی تحقیقات کریں۔‘خیال رہے کہ ثناء جاوید کے لیے سوشل میڈیا پر متعدد شوبز انڈسٹری کی شخصیات اپنے ناگوار تجربات سے متعلق پوسٹس شیئر کر کے اُن کے چھپے ہوئے دوسرے چہرے سے پردہ اٹھا رہے ہیں جن پر انٹرنیٹ صارفین حیران و پریشان نظر آ رہے ہیں۔دوسری جانب ثنا جاوید نے معروف شخصیات کی جانب سے منفی رویے کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔