ارباز سے علیحدگی کے بعد کا وقت خوفناک تھا: ملائکہ اروڑا
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے انکشاف کیا کہ سابق شوہر ارباز خان سے علیحدگی کے بعد ایسا محسوس ہوا کہ سب کچھ خوفناک ہے اور ساری دْنیا اْنہیں گِرانے کی کوشش کررہی ہے۔میڈیا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں ملائکہ اروڑا نے کہا کہ ’جب میں نے سنگل ماں بننے کا فیصلہ کیا اور وہ قدم اٹھایا تو اْس وقت ایسا محسوس ہوا تھا کہ جیسے ساری دْنیا کا بوجھ، آپ کے کندھوں پر ہے اور سب آپ کے خلاف ہیں۔‘ملائکہ اروڑا نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں یہ سب کیسے سنبھالوں گی لیکن میں نے اپنے بیٹے کی بہترین پرورش کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا کیونکہ اْس وقت بیٹے کو میری بہت ضرورت تھی۔‘ملائکہ اروڑا نے کہا کہ ’میں کسی امیر ترین خاندان سے نہیں ہوں لہٰذا میں نے بھی دوسرے لوگوں کی طرح سخت محنت کی اور میں اس وقت صرف ایک ہی چیز کے بارے میں سوچ رہی تھی، اگر میں اکیلی ماں ہوں، تو مجھے کام کرنے والی اکیلی ماں بننے کی ضرورت ہے۔‘آخر میں اْنہوں نے کہا کہ ’میں آج جو کچھ بھی ہوں یا جس بھی مقام پر ہوں وہ سب میری سخت محنت کا نتیجہ ہے۔‘واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے سال 1998ء میں اداکار و فلم ساز ارباز خان سے شادی کی تھی، دونوں کے ہاں 2002 میں بیٹے ارہان خان کی پیدائش ہوئی تھی، 19 سال شادی رہنے کے بعد ان کی طلاق 2017ء میں ہوئی تھی۔ارباز خان سے طلاق کے بعد ملائکہ اروڑا نے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار ارجن کپور کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے، دونوں اداکاروں کی جانب سے کئی بار کہا گیا کہ وہ بہت جلد شادی کرلیں گے۔