بنگال کے بلدیاتی انتخابات پر بی جے پی لیڈروں کی عرضی خارج
نئی دہلی، فروری۔سپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں 27 فروری کو ہونے والے میونسپل انتخابات میں مرکزی نیم فوجی دستوں کی تعینات کرنے سے متعلق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں کی درخواست جمعہ کے روز مسترد کر دی۔جسٹس چندر چوڑ اور جسٹس سوریہ کانت کی بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد خصوصی اجازت کی درخواست کو خارج کر دیا۔بی جے پی لیڈران پرتاپ بنرجی اور موسومی رائے نے مبینہ طور پر امن و امان کی خراب صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ریاست کی بقیہ 108 میونسپلٹیوں کے انتخابات میں مرکزی نیم فوجی دستے کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا۔کلکتہ ہائی کورٹ نے بدھ کے روز مرکزی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے بی جے پی لیڈروں کے مطالبے پر واضح ہدایت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت نے مغربی بنگال ریاستی الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ وہ ریاست کے داخلہ سکریٹری، ڈی آئی جی اور آئی جی کے ساتھ میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مناسب فیصلہ کرے۔عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران سینئر وکیل پی ایس پٹوالیہ نے درخواست گزاروں کی طرف سے پیش ہوکر ریاستی الیکشن کمیشن پر جانبدارانہ موقف اپنانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے دلیل دی کہ اپوزیشن پارٹی کے امیدواروں کو حکمراں جماعت کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔مسٹر پٹوالیہ نے بنچ کے سامنے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کے حکمراں ترنمول کانگریس کی طرفداری کرنے کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ انہوں نے بنچ کے سامنے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے تشدد کے واقعات سے متعلق شائع ہونے والی دیگر خبروں کا حوالہ دینے کے بجائے سرکاری اخبار ‘جوائے بنگلہ’ کی رپورٹوں پر انحصار کیا۔عدالت عظمیٰ نے بلدیاتی انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ کرانے کے حق میں درخواست گزاروں کی جانب سے یہ دلیل دیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ مرکزی حکومت کو سینٹرل فورسز کی تعیناتی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے تریپورہ کے بلدیاتی انتخابات میں حکومت کو مرکزی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا حکم دیا تھا، جس کی تعمیل کی گئی تھی۔عدالت عظمیٰ کے بنچ نے متعلقہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر مزید غور کرنے سے انکار کردیا۔