پرینکا گاندھی کی رائے دہندگان سے ووٹ کی طاقت کو استعمال کر نے کی اپیل
نئی دہلی، فروری۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور ریاست میں پارٹی کی انتخابی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہونے پر ووٹروں سے ریاست کے بہتر مستقبل کے لیے اپنے ووٹ کی طاقت استعمال کرنے کی اپیل۔ مسز واڈرا نے ٹویٹ کیا’’مغربی اتر پردیش کے میری پیاری بہنوں اور بھائیوں، اپنے مسائل اور ریاست کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں۔ میرے تمام ساتھیوں، کارکنوں اور یوپی کانگریس کے امیدواروں کو نیک خواہشات – آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ 30 سال بعد ہم تمام سیٹوں پر اپنی طاقت کے ساتھ لڑ رہے ہیں‘‘۔انہوں نے آج کی پولنگ کے حوالہ سے کرمیوگ فلسفہ سے متعلق گیتا کے ایک شلوک کا بھی حوالہ دیا۔قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج صبح 7 بجے سے 11 اضلاع کی 58 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ شروع ہو گئی۔ اس مرحلے میں مغربی اتر پردیش کے شاملی، مظفر نگر، میرٹھ، باغپت، غازی آباد، ہاپوڑ، گوتم بدھ نگر، بلند شہر، علی گڑھ، متھرا اور ہاتھرس اضلاع کی 58 اسمبلی سیٹوں کے 25880 پولنگ اسٹیشنوں پر 73 خواتین سمیت کل 623 امیدواروں کے 2.28 کروڑ رائے دہندگان ان کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔