ملک ایز آف لونگ، ایز آف ڈوئنگ بزنس 2.0 کے لئے تیار:مودی

نئی دہلی، فروری۔وزیراعظم نریندرمودی مالی سال 2022-23 کے لئے عام بجٹ کو ملک کی معیشت کو درست سمت اور تیز رفتاری سے آگے بڑھانے والا بجٹ بتاتے ہوئے آج کہا کہ ملک زندگی میں آسانی ایز آف لونگ اورکاروبار میں آسانی یعنی ایز آف ڈوئنگ بزنس کے اگلے مرحلے کے لئے تیار ہے۔مسٹر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی یونٹ کی طرف سے منعقدہ پروگرام کو ورچوئل میڈیم سے خطاب کرتےہوئے کہ پوری دنیا کے لوگ ایک مضبوط ہندوستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے ملک کو تیز رفتاری سے آگے لے جائیں اور مختلف شعبوں کو مضبوط کیا جائے۔ یہ وقت نئی خواہشات کو پورا کرنے کا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ہندوستان خود کفیل بنے اور اسی بنیاد پر جدید ہندوستان کی تعمیر کی جائے۔انہوں نے کہا، "یہ نئے مواقع کا وقت ہے، یہ نئے عزائم کی تکمیل کا وقت ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہندوستان خود انحصار بنے اور خود انحصار ہندوستان کی بنیاد پر ایک جدید ہندوستان کی تعمیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی کا دوسرا ایڈیشن ایز آف ڈوئنگ بزنس 2.0 شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم سب نے وبا کا مل کراور مضبوطی سے مقابلہ کیا ہے۔ ہماری معیشت کے بنیادی اصول مضبوط ہیں اور سمت درست ہے اور رفتار تیز ہے۔اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خزانہ نے کل بجٹ کے کچھ پہلو بہت اچھے طریقے سے ہمارے سامنے پیش کیے ہیں۔ بجٹ تقریر میں پورا بجٹ ممکن نہیں ہوتا کیونکہ بجٹ بہت بڑی دستاویز ہے، باریکیاں ہوتی ہیں اورایوان میں یہ سب بولنا ممکن نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک 100 سالوں میں سب سے بڑی عالمی وبا سے لڑ رہا ہے۔ کورونا کا یہ دور دنیا کے لیے بہت سے چیلنجز لے کر آیا ہے۔ دنیا اس چوراہے پر کھڑی ہوگئی ہے جہاں ٹرننگ پوائنٹ یقینی ہے۔ آگے دنیا جو ہم دیکھنے والے ہیں، وہ ویسی نہیں ہوگی، جیسی کورونا سے پہلے تھی۔مسٹر مودی نے کہا کہ یہ بجٹ غریبوں، متوسط ​​طبقے اور نوجوانوں پر مرکوز ہے اور اس کا مقصد انہیں بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے۔ ہماری حکومت بنیادی سہولیات کو ہر جگہ قابل رسائی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے اب تقریباً 9 کروڑ دیہی گھرانوں کو نلکوں سے پانی ملنا شروع ہو گیا ہے۔ اس میں سے تقریباً 5 کروڑ سے زیادہ پانی کے کنکشن جل جیون مشن کے تحت گزشتہ دوبرسوں میں دئے گئے ہیں۔ بجٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ اس سال تقریباً 4 کروڑ دیہی گھرانوں کو پانی کے کنکشن دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر کین بیتوا کو لنک کرنے کے لیے ہزاروں کروڑ روپے کا التزام کیا ہے، اس سے یو پی اور ایم پی کے بندیل کھنڈ خطہ کی تصویر بھی بدلنے والی ہے۔ اب بندیل کھنڈ کے کھیتوں میں مزید ہریالی آئے گی، گھروں میں پینے کا پانی آئے گا، کھیتوں میں پانی آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ میں غریبوں کو 80 لاکھ پکے گھر فراہم کرنے کا التزام ہے۔ اس کے لیے 48 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس سے انہیں غربت سے نکلنے اور ترقی کرنے کا موقع ملے گا۔جو غریب تھے جھونپڑیوں میں رہتے تھے، اب ان کے پاس اپنا گھر ہے۔ پہلے کے مقابلے ان گھروں کے لیے رقم بھی بڑھائی اور گھروں کے سائز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو پڑھنے کے لیے جگہ مل سکے۔ بڑی بات یہ ہے کہ اس میں سے زیادہ تر گھر خواتین کے نام پر ہیں یعنی ہم نے عورتوں کو گھر کی مالکن بھی بنایا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان جیسے ملک میں اگر کوئی خطہ پسماندہ رہتا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے۔ اسی لیے ہم نے آکانشی ضلع مہم شروع کی تھی۔ ان اضلاع میں غریبوں کی تعلیم، صحت کے لئے، سڑکوں، بجلی اور پانی کے جو کام ہوئے، اس کی تعریف اقوام متحدہ نے بھی کی۔ اس بجٹ میں آکانشی اضلاع میں آکانشی بلاکوں کو لے کر ریاستوں کے ساتھ ہم آہنگی میں کام کرنے کا اعلان کیاگیا ہے۔ اس سے ترقیاتی کاموں کو سماج کے سب سے نچلی سطح تک لے جاکر ان کو بااختیار بنایا جائے گا۔مسٹرمودی نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے لیے ہماری افواج، ہمارے جوان دن رات مصروف رہتے ہیں، وہ اپنی جان بھی داؤ پر لگاتے ہیں۔ لیکن سرحد پر جو جوان تعینات ہیں، ان کے لئے سرحدی گاوں بھی قلعہ کا کام کرتے ہیں۔ اس لئے ان سرحدی گاووں میں حب الوطنی کا جذبہ بھی بے مثال ہوتا ہے۔ ہم نے ہندوستان کی سرحدی گاووں کی ترقی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لئے ہم مجموعی طورپر تمام گاوں میں بجلی، پانی اوردیگر سہولیات کو مہیا کرائیں گے۔

Related Articles