سیتا رمن نے زبردست اضافے کا بجٹ پیش کیا

نئی دہلی، فروری ۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے 2022-23 کے بجٹ میں اگلے 25 سالوں میں ہندوستان میں عالمی معیار کے اقتصادی، سماجی بنیادی ڈھانچے کو قائم کرنے اور ہر گاؤں اور بستی کو اس سے منسلک کرنے کے عزم کے ساتھ سرمایہ کاری کے اخراجات میں خاطر خواہ اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔بجٹ میں پی ایم گتی شکتی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی، جامع ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے فروغ اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری پر زور دیا گیا ہے۔ بجٹ میں پی ایم گتی شکتی یوجنا نے مربوط ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سہولیات، الیکٹرک مسافر گاڑیوں کے فروغ، شہری سہولیات کی ترقی، کاربن کے اخراج کو کم کرنے، جدید ضروریات کے پیش نظر ہنر مندی کے فروغ کے لیے نئے اقدامات، صحت اور سرکاری اسکولوں میں ای رومز کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر کے آغاز میں کہا کہ آزادی کا یہ امرت مہوتسو سال میں اگلے 25 سالوں کی ترقی کا سنگ بنیاد رکھنے کا موقع ہے۔بجٹ میں ذاتی انکم ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے لیکن ٹیکس دہندگان کو دو سال کے اندر نظرثانی شدہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا موقع دیا گیا ہے۔ کوآپریٹیو پر ٹیکس کی کم از کم متبادل شرح 18.5 سے کم کر کے 15 فیصد کر دی گئی۔ چھوٹے کوآپریٹیو پر سرچارج کو 12 سے کم کر کے 7 فیصد کر دیا گیا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ریاستی ملازمین کو اب نئی پنشن اسکیم میں شراکت پر انکم ٹیکس کی کٹوتی کا فائدہ دس فیصد کی جگہ مرکزی ملازموں کی طرح چودہ فیصد کی شرح سے ملے گا۔محترمہ سیتا رمن نے ملک میں میک ان انڈیا اور مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے کئی شعبوں میں مشینری اور کیپٹل گڈز پر چھوٹ کو ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔اگلے اکتوبر سے ایتھنول ملاوٹ کے بغیر فروخت ہونے والے پیٹرول پر ٹیکس کا بوجھ 2 روپے فی لیٹر بڑھ جائے گا۔محترمہ سیتا رمن نے کل 39.45 لاکھ کروڑ روپے کے بجٹ میں 7.50 لاکھ کروڑ روپے کے اخراجات کا التزام کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر سرمایہ کاری کے لیے ریاستوں کو دی جانے والی امداد اور گرانٹس کو بھی شامل کیا جائے تو اس بار بجٹ میں 10.68 لاکھ کروڑ روپے کے سرمایہ خرچ کا التزام ہوگا، جو کہ مجموعی گھریلو اخراجات کے 4.1 فیصد کے برابر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.2 گنا سرمائے کے اخراجات کی فراہمی کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ بنیادی اقتصادی انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ سرمائے کے اخراجات سے معاشی سرگرمیوں کو تحریک ملتی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور شہری شعبے کی ترقی میں سرمایہ کاری کے لیے سال 2022-23 میں ریاستوں کو ایک لاکھ کروڑ روپے کے اضافی وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے تحت ریاستیں ایک لاکھ کروڑ روپے کے طویل مدتی بانڈز جاری کر سکیں گی، جن کی مدت 50 سال ہوگی اور ان پر سود ادا نہیں کرنا پڑے گا۔موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کی مالی اعانت کے لیے حکومت گرین بانڈز جاری کرے گی جس کی رقم موسمیاتی تبدیلی اور صاف ستھرا ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔بجٹ میں پہاڑی علاقوں میں رابطے بڑھانے کے لیے پروت مالا روپ وے اسکیم شامل ہے، وندے بھارت ٹرینوں کی تعمیر میں تیزی لانا، گنگا کے کنارے پانچ کلومیٹر کے دائرے میں قدرتی کھیتی کو فروغ دینا، موٹے اناج کی پروسیسنگ، کین بیتوا اور ندی کے امتزاج کی پانچ دیگر کام آگے بڑھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ محترمہ سیتا رمن نے کورونا کی مدت کے دوران شروع کی گئی ایمرجنسی کریڈٹ گارنٹی اسکیم کو مارچ 2023 تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ بجٹ میں ڈرون شکتی اسٹارٹ اپ اسکیم کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔بجٹ میں ڈیجیٹل یونیورسٹی کے قیام، قومی ٹیلی مینٹل ہیلتھ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بجٹ میں شمال کے سرحدی دیہاتوں کو سڑک، رابطہ اور شمسی توانائی کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل، شہری علاقوں میں صحت مند طرز زندگی تجویز کرنے، 75 اضلاع کے 75 دیہاتوں میں ڈیجیٹل بینک کی سہولت، بھارت نیٹ یوجنا کے تحت گاؤں کو براڈ بینک نیٹ ورک سے جوڑنے کے لئے یو ایس او فنڈ سے پانچ فیصد فنڈنگ ​​کا اعلان کیا۔وزیر خزانہ نے دفاعی شعبے کے سرمائے کے اخراجات کے تحت ہندوستانی صنعتوں سے 68 فیصد خریدنے کا اعلان کیا۔بجٹ میں اسپیشل اکنامک زون (ایس ای جے) اسکیم کو ایکسپورٹ پروموشن کے استعمال کے تحت نئے بڑے صنعتی پارکس کی اسکیم سے تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

Related Articles