کانپورمیں سٹی بس کی ٹکرمیں 6 افراد ہلاک، 11 زخمی

کانپور، جنوری ۔اتر پردیش کے کانپور کے بابوپُروا علاقے میں ایک بے قابو سٹی ای بس کی ٹکر سے کم از کم چھ افراد کی موت ہو گئی اور 11 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کانپور میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات اور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ اتوار کی دیر رات ایک ای بس گھنٹہ گھر سے ٹاٹ مل چوراہے کی طرف تیز رفتاری سے آرہی تھی کہ ایک ای رکشہ سے ٹکرانے کے بعد ڈرائیور نے بس پر سے کنٹرول کھو دیا اور بس ڈیوائیڈر کو پار کر گئی، اور مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کو روندتے ہوئے یہ ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں شبھم سونکر (26)، ٹوئنکل (25)، ارسلان (24) اور اجیت کمار (60) کے علاوہ دو دیگر افراد کی موت ہوگئی۔ حادثے میں زخمی دیگر گیارہ افراد کو ہیلیٹ اسپتال اور ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہو گیا تاہم بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔

Related Articles