راہل ملک مخالف ذہنیت رکھتے ہیں: راٹھور

نئی دہلی، جنوری۔ سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر راجیہ وردھن راٹھور نے کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی پر ملک مخالف ذہنیت رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے ان سے ’نیشنل وار میموریل‘ ایک بار ضرور جانے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کی درخواست کی۔مسٹر راٹھور نے مسٹر گاندھی کے اس بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں اس کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا ’’ ملک مخالف ذہنیت رکھنے والے راہل گاندھی جی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایک بار’نیشنل وار میموریل‘ جائیں اور ملک کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کریں‘‘۔ بی جے پی لیڈر نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں انہوں نے مسٹر گاندھی سے تین سوالوں کے جواب پوچھے ہیں۔ پہلا – ہندوستانی فوج سے بات بات پر ثبوت کون مانگتا ہے؟ دوسرے ٹکڑے ٹکڑے گینگ کو سپورٹ کرنے کون پہنچا تھا؟ 2008 کے اولمپکس کے دوران چین کے ساتھ انٹیلی جنس معاہدہ کون کر رہا تھا؟انہوں نے کہا کہ آج وہی شخص (مسٹر گاندھی) ہمیں حب الوطنی کا سبق پڑھا رہا ہے، جن کے خاندان کی مدت کار میں ملک کے شہیدوں کے لیے ایک بھی جنگی یادگار نہیں بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امر جوان جیوتی کے لیے مستقل اور صحیح جگہ قومی جنگی یادگار ہی ہے، جہاں آزادی کے بعد سے اب تک شہید ہونے والے تمام شہداء کے نام درج ہیں، اس لیے اس پر کوئی سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔مرکزی وزیر نے کہا ’’جب آپ (قومی جنگی یادگار کی جانب) جائیں تو راستے میں آپ کو سبھاش چندر بوس کا مجسمہ ملے گا، جہاں پہلے کنگ جارج پنجم کا مجسمہ ہوا کرتا تھا، جس کے نیچے لکھا تھا – دی امپائر آف انڈیا لیکن آپ کے (مسٹر گاندھی کے) خاندان کو اس سے کوئی پریشانی نہیں تھی۔ آپ سبھاش چندر بوس جی کو بھول گئے تھے، لیکن ہم یاد رکھیں گے‘‘۔واضح رہے کہ مسٹر گاندھی نے ملک کے لئے جان دینے والے فوجیوں کی یاد میں جلنے والی امر جیوتی کو بجھانے کے حکومت کے اقدام کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ کانگریس دوبارہ امر جوان جیوتی کو روشن کرے گی۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ’’یہ بہت افسوسناک بات ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کے لیے امر جیوتی جلتی تھی، اسے آج بجھا دیا جائے گا۔ کچھ لوگ حب الوطنی اور قربانی کو نہیں سمجھ سکتے – کوئی بات نہیں… ہم اپنے فوجویں کے لیے امر جوان جیوتی ایک بار پھر روشن کریں گے۔

Related Articles