نئے سال کے پہلے دن 100 روزہ پڑھنے کی مہم پڑھے بھارت کی ابتدا کریں گے: پردھان
نئی دہلی، دسمبر۔ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کل نئے سال کے پہلے دن 100 روزہ پڑھنے کی مہم پڑھے بھارت کا آغاز کریں گے۔جمعہ کو وزارت تعلیم کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ریڈنگ مہم طلباء کے سیکھنے کی سطح کو بہتر بنانے میں ایک اہم قدم ثابت ہوگی جس سے طلباء کے اندر تخلیقی صلاحیتوں، سوچ اور ذخیرہ الفاظ کو پروان چڑھانے میں مدد ملے گی۔اس مہم کا مقصد بچوں کو اپنے اردگرد کے ماحول، حقیقی اور عملی زندگی کو سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ پرائمری سے کلاس ہشتم تک کے بچے اس مہم کا حصہ ہوں گے۔ پڑھائی کی مہم 10 اپریل تک 100 دن تک چلائی جائے گی۔اس ریڈنگ مہم میں قومی اور ریاستی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول بچے، اساتذہ، والدین، کمیونٹی، تعلیمی منتظمین کی شرکت دیکھنے کو ملے گی۔مہم کی سرگرمیوں کو طلباء کی عمر کے زمرے کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ بچے ان سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنے اساتذہ، والدین، ہم عمر بہن بھائیوں یا خاندان کے دیگر افراد کی مدد لے سکتے ہیں۔مہم کو موثر بنانے کے لیے بنائی گئی سرگرمیوں کو آسان اور پرلطف بنایا گیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ گھر پر دستیاب مواد، محدود وسائل اور اسکول بند ہونے کی صورت میں بھی انہیں آسانی سے چلایا جا سکے۔