وزیراعظم نے ہماچل پردیش میں 11,000 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا
منڈی، دسمبر ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ہماچل پردیش کے منڈی میں منعقدہ ایک تقریب میں 11,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے پن بجلی پروجیکٹوں کا باضابطہ افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر اور ریاست کے وزیر اعلیٰ جے رام سنگھ بھی موجود تھے۔ مسٹر مودی نے اپنے ساتھ ان پروجیکٹوں پر ہماچل میں صنعتی صلاحیتوں پر مرکوز ایک نمائش کا بھی دورہ کیا۔مودی حکومت نے ہمالیائی خطہ میں ہائیڈرو الیکٹرک صلاحیت کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے اسکیموں کو نافذ کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں تاکہ ملک میں موجود وسائل کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کیا جا سکے۔ پی ایم مودی کا پروجیکٹوں کا افتتاح کرنا اور دیگر پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنا اس سمت میں ان کا ایک اہم قدم ہے۔وزیر اعظم نے اس دورے کے دوران ’رینوکاجی ڈیم پروجیکٹ‘ کا سنگ بنیاد رکھا جو تقریباً تین دہائیوں سے زیر التوا تھا۔ اس پروجیکٹ کو ممکن بنانے کے لیے مرکزی حکومت نے ہماچل پردیش، اتر پردیش، ہریانہ، راجستھان، اتراکھنڈ اور دہلی کے نام چھ ریاستوں کو اکٹھا کیا ہے۔ 40 میگاواٹ کا یہ پروجیکٹ تقریباً 7000 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ یہ دہلی کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے دہلی کو ہر سال تقریباً 500 ملین کیوبک میٹر پانی فراہم کیاجا سکے گا۔ مسٹر مودی نے ’لُہری فیز I ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ‘ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ 210 میگاواٹ کا یہ پروجیکٹ 1800 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ اس سے سالانہ 75 کروڑ یونٹ سے زیادہ بجلی پیدا ہوگی۔ یہ جدید اور قابل اعتماد گرڈ خطے کے آس پاس کی ریاستوں کے لیے بھی سودمند ثابت ہوگا۔وزیر اعظم نے ’دھولا سدھ ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ‘ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ ہمیر پور ضلع کا پہلا پن بجلی پروجیکٹ ہوگا۔ 66 میگاواٹ کا یہ پروجیکٹ 680 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس سے سالانہ 30 کروڑ یونٹ سے زیادہ بجلی پیدا ہوگی۔ مسٹر مودی نے اس موقع پر ’ساؤرا کڈو ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ‘ کا بھی افتتاح کیا۔ 111 میگاواٹ کا یہ پروجیکٹ تقریباً 2080 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی صلاحیت سالانہ 38 کروڑ یونٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی ہے۔ اس سے 120 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدنی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے منڈی میں ہماچل پردیش گلوبل انویسٹمنٹ سمٹ کی تقریب کی صدارت کی ۔اس تقریب کے دوران پہاڑی ریاست میں تقریباً 28 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کے لیے سرمایہ کاری کی تجاویز پر دستخط کیے گئے۔