بڑھاپے کو روکنے کی جنگ، انسانی خلیے خلا میں بھیج کر تحقیق کی جائیگی
لندن،دسمبر۔ برطانیہ میں ایک تحقیق کے تحت انسان کی بافتوں کے خلیوں کو خلا میں بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ حکومت بھی اس پروجیکٹ کی حمایت کر رہی ہے۔ MicroAge کے نام سے کی جانے والی اس تحقیق کیلئے اسپیس ایکس کمپنی کے فالکن نائن راکٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ یہ خلیے 21 دسمبر کو زمین سے روانہ کرکے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچائے جائیں گے جہاں یہ مشاہدہ کیا جائے گا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ان خلیوں میں کیا تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چاول کے دانے کی سائز کے برابر ان خلیوں کو لیبارٹری میں تیار کیا گیا ہے اور انہیں چھوٹے ہولڈرز میں رکھا گیا ہے جن کا سائز پنسل شارپنر جتنا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی ان خلیوں کو فالکن نائن پر سوار کیا جائے گا، انہیں برقی طریقہ کار کے ذریعے متحرک کیا جائے گا۔ برطانیہ کے وزیر سائنس جارج فریمن کا کہنا ہے کہ مائیکرو گریویٹی میں انسانی خلیے سکڑ جاتے ہیں لہٰذا اس تحقیق کی مدد سے ہمیںDisease Musculoskeletal جیسی بیماریوں کا علاج تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ یونیورسٹی آف لیور پول کے پروفیسر مالکم جیکسن کا کہنا ہے کہ 21ویں صدی کا سب سے بڑا مسئلہ بڑھاپا ہے اور اس تجربے اور مشاہدات کی مدد سے ہم یہ سیکھ پائیں گے کہ مائیکرو گریویٹی میں خلیوں کا رد عمل کیا ہوتا ہے۔ یہ خلیے جنوری 2022ء میں دوبارہ زمین پر لائے جائیں گے۔