ابوظبی میں خودکار ٹیکسی سروس کا آغاز

ابوظبی،دسمبر۔متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کے رہائشی اب بغیر ڈرائیور ٹیکسی میں ایک مشہور تفریحی مقام یاس آئی لینڈ کے گرد سفرکرسکتے ہیں۔فارمولا ون ریس کا ٹریک اور فیراری ورلڈ تھیم پارک بھی اسی جزیرے میں واقع ہے۔مسافر ایپلی کیشن ٹیکسی (ٹی ایکس اے آئی) کے ذریعے چوبیس گھنٹے ٹیکسی کاربک کرسکتے ہیں۔یہ گوگل پلے اور آئی او ایس ایپ سٹور پر دستیاب ہے۔گروپ 42 کے ذیلی ادارے بیانات برائے میپنگ اینڈ سروے سروسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) حسن الحوسنی نے وام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیور ٹیکسی کا پہلا پائلٹ مرحلہ یاس آئی لینڈ میں شروع کیا گیا تھا اور یہ 23 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا، اس دوران میں عوام اس ایپ کو مفت استعمال کرسکتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ابوظبی کے رہائشی اسکرین پر ظاہر ہونے والی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرتے ہی سواری کو محفوظ کرسکتے ہیں۔تاہم صارف کو سفر بک کرنے کے لیے یاس جزیرے کے نو مقامات میں سے ایک میں ہونا ضروری ہے۔اس اقدام کے دوسرے مرحلے میں ابوظبی کے آس پاس کے مختلف علاقوں میں 10 سے زیادہ گاڑیاں چلائی جائیں گی اوراس طرح مسافروں کی نقل و حمل کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔الحوسنی نے کہا کہ ٹیکسی گاڑیوں کا موجودہ بیڑا مکمل طور پر الیکٹرک اور ہائبرڈ کاروں پر مشتمل ہے جس سے کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔بیانات نے، جو جیو اسپیشیل سسٹم، ڈیٹا کے تجزیہ اور مصنوعی ذہانت میں مہارت رکھتی ہے،حال ہی میں ٹیکسی برانڈ کے تحت بغیرڈرائیورگاڑیوں کے اپنے نئے بیڑے کا اعلان کیا ہے۔یہ متحدہ عرب امارات میں پہلی مکمل طور پر خودکار ٹیکسیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

Related Articles