اترپردیش میں بجلی کی شرح کم کرنے کے مطالبہ کو پرینکا نے جائزٹھہرایا
نئی دہلی ، اترپردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری ۔انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش راجیہ ودیوت اپبھوگتا پریشد کی جانب سے کسانوں اور عام شہریوں کے مفادات کے پیش نظر بجلی کی شرح کم کرنے کے مطالبہ کو صحیح ٹھہرایا ہے۔
مسز گاندھی نے بدھ کے روز ٹوئٹ کیا’’لوگ کہتے ہیں کہ اترپردیش میں بجلی شرحیں کمپنیوں کے فائدے کے لئے بڑھائی گئی ہیں۔اتر پردیش راجیہ ودیوت اپبھوگتا پریشد کی جانب سے گھریلو فکسڈ چارج اور کمرشل کم سے کم چارج کو ختم کرنے اور کسانوں کے لئے بجلی کے شرحوں میں کمی کا مطالبہ بالکل جائز ہے، ریاستی حکومت کو اس پر غور کرنا چاہئے۔‘‘
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش راجیہ ودیوت اپبھوگتا پریشد کے چیئرمین اور ریاستی مشاورتی کمیٹی کے ممبراودھیش کمار ورما نے ریاست کے بجلی صارفین کی جانب سے اپنے اعتراضات اور مفاد عامہ کی تجاویز کو الیکٹرک ریگولیٹری کمیشن کے چیئرمین کو سونپا ہے اور صارفین کے مفاد میں ان سے بجلی کی شرح کم کرنے کی درخواست کی۔