ہارورڈ کے ہندوستانی طلباء نے راج ناتھ سے ملاقات کی
نئی دہلی، دسمبر۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو یہاں ہارورڈ بزنس اسکول اور ہارورڈ کینیڈی اسکول کے ہندوستانی طلباء سے بات چیت کی۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ طلبہ ملک کی ‘سافٹ پاور ہیں جو دنیا کے اعلیٰ اداروں میں نظم و نسق کا ایک مخصوص انداز سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے اختراعی نظریات کو بروئے کار لاتے ہوئے قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں۔وزیر دفاع نے اس یقین کا اظہار کیاکہ یہ طلباء اپنی صلاحیت اور نیٹ ورک کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ طلبا پوری دنیا میں ہندوستانی اقدار کے علمبردار بنیں گے۔بات چیت کے دوران طلباء نے پوری دنیا میں ہندوستان کے بارے میں بدلے ہوئے تاثر کا ذکر کیا۔ انہوں نے خاص طور پر مقامی کووڈ ویکسینیشن مہم کی کامیابی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں ماحول بدل رہا ہے، اس لیے وہ وطن واپس لوٹنے کے خواہش مند ہیں۔