ہندوستان اور ویتنام کے درمیان ایل او آئی پر دستخط
نئی دہلی، دسمبر۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے جمعرات کو ویتنام کے اطلاعات اور مواصلات کے وزیر مسٹر نگوین مانہ ہنگ کے ساتھ عہد نامہ (ایل او آئی) پر دستخط کئے۔ اس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا اور ہندوستان اور ویتنام کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔ایل او آئی میں التزام کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل نیٹ ورکس کے سلسلے میں ریگولیٹری فریم ورک اور پالیسیاں بنانے میں اطلاعات اور تجربات کااشتراک کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے میڈیا پروفیشنلز کے لیے صلاحیت سازی اور تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ویتنام کے حالیہ دوروں سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ آج کی میٹنگ نئی ٹیکنالوجیز اور ’انفوڈیمک‘ جیسے چیلنجنگ شعبوں کے پیش نظر دوطرفہ تعاون کو شکل دے گی، جس کا کووڈ-19 کے دوران سبھی ممالک سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے اپنے ویتنامی ہم منصب مسٹر ہنگ کو ڈیجیٹل میڈیا ایتھکس کوڈ کے بارے میں بھی بتایا، جسے حکومت فروری 2021 سے نافذ کر رہی ہے۔مسٹر ہنگ نے مسٹر ٹھاکر کو ویتنام کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے صحافیوں کو ایک دوسرے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے بارے میں اطلاعات تک رسائی فراہم کرائی جائے، تاکہ کامیابی کی کہانیوں سے لوگ واقف ہوں اور لوگوں کے درمیان لین دین مضبوط بنیں۔پرسار بھارتی کے سی ای او ششی شیکھر ویمپتی، پریس انفارمیشن بیورو کے پرنسپل ڈائرکٹر جنرل جے دیپ بھٹناگر، وزارت اطلاعات و نشریات کے جوائنٹ سکریٹری وکرم سہائے اور ہندوستان اور ویتنام کی طرف سے دیگر عہدیدار بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس سال ہندوستان اور ویتنام کے درمیان ’کمپوزٹ اسٹریٹجک پارٹنرشپ‘ کے پانچ سال مکمل ہورہے ہیں، اور سال 2022 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو 50 سال مکمل ہوجائیں گے۔