بڑے منافع کےلالچ کے خطرات کا دھیان رکھیں جمع کنندگان :داس
نئی دہلی، دسمبر ۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر شکتی کانت داس نے اتوار کو جمع کنندگان کو بڑے منافع کے ساتھ جڑے خطروں سے بھی آگاہ رہنے کا مشورہ دیا۔مسٹر داس پانچ لاکھ روپے تک کی رقم کے بینک میں جمع بیمہ کے معینہ مدت میں ادائیگی کی گارنٹی کے منصوبے پر جمع کنندگان کی ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس پروگرام سے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے بھی خطاب کیا۔مسٹر داس نے کہا کہ بڑے منافع سے خطرے جڑے ہوتے ہیں۔ اس لئے سرمایہ کاروں کو فائدہ کی تلاش میں بہت سوچ سمجھ کر قدم بڑھانا چاہئے۔ آر بی آئی گورنر نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی ترجیحات میں جمع کنندگان سب سے پہلے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینکوں کو مضبوط کرنے کی سمت میں اٹھائے جانے والے ریزرو بینک کے اصولوں کے اقدام بھی بینکوں کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کے مفاد میں ہیں۔مسٹر داس نے کہا کہ بینکوں کو مضبوط کرنے کے لئے مسلسل اصولوں کے نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے ،بینک مضبوط ہو جائیں گے تو ان مین پیسہ رکھنے والوں کے مفاد محفوظ رہیں گے اور اس منصوبے کا سہارا لینے کی نوبت نہیں آئے گی۔مسٹر داس نے کہا کہ ریزرو بینک کو کوآپریٹو بینکوں کے ریگولیشن کے بارے میں کمیٹی کی رپورٹ مل گئی ہے اور ان بینکوں کے بارے میں بھی اس کی بنیاد پر اصول بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک اب تجارتی بینکوں کی صحت کی نگرانی کےلئے کمزوری کے علامات کا انتظار نہیں کرتا ہے بلکہ پالیسیوں پر توجہ دینے کا نظام شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینکنگ نظام کو مضبوط کرنے میں بینکوں کے بورڈ آف ڈائیریکٹر اورآڈٹ کمیٹی سمیت سبھی متعلقہ فریقوں کا کردار اہم ہے۔آر بی آئی گورنر نے جمع بیمہ گارنٹی یوجنا میں نئی اصلاحات کو تاریخی قدم بتاتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ کی رقم جمع کرکے بیمہ کا تحفظ 27 سال پہلے دیا گیا تھا جسے بڑھاکر 500000 کردیا گیا ہے۔اس کے تحت ریزرو بینک اگر کسی بینک سے پیسہ نکالنے پر پابندی لگاتا ہے تو اس کے 90 دن کے اندر جمع کنندگان کو پانچ لاکھ روپے تک کی جمع کی گئی رقم کی ادائیگی کردی جائے گی۔پہلے جمع کنندگان کو ان کی جمع رقم کے بیمہ کے پیسہ ملنے میں سالوں سال لگ جاتے تھے۔