ترقیاتی پروجکٹ دیکھ کر کچھ لوگ کو دورے پڑنے لگے ہیں:یوگی
ایٹہ:دسمبر۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مرکزی اوراترپردیش حکومت کے ترقیاتی کاموں سے اپوزیشن پارٹیوں میں گھبراہٹ کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو ترقیاتی کام دیکھ کر دوڑے پڑنے لگے ہیں۔یوگی نے اتوار کو بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کے ساتھ اترپردیش کے ضلع ایٹہ میں بوتھ صدور کے سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہا’کچھ لوگوں کو ترقی کے کام دیکھ کر ترقی کے دورے پڑنے لگے ہیں۔ یوگی نے ملک کے سب سے بڑے گنگا ایکسپریس وے کی مثال دیتے ہوئےکہا کہ جس دن وزیر اعظم نریندر مودی اس ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے اس دن بھی کچھ لوگ کہیں گے انہوں نے بھی ایسی سڑک بنانے کا سپنا دیکھا تھا لیکن بنا نہیں پائے۔وزیر اعلی نے ایس پی صدر اکھلیش یادو کا نام لئے بغیر کہا’اب ترقیاتی پروجکٹوں کو دیکھ کر کچھ لوگوں کو دورے پڑنے لگے ہیں اور انہیں اس طرح کے دورے پڑتے ہیں کہ وہ کہتے ہیں کہ ہم بھی یہ کام کرنا چاہتے تھے لیکن کرنہیں پائے۔ یوگی نے کورونا بحران میں بھی اپوزیشن پارٹیاں کانگریس،بی ایس پی اور ایس پی کے غائب رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے لیڈر بحران کے وقت یا تو بیرون ملک چلے گئے تھے یا گھروں میں قید سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کررہے تھے۔سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ بی جے پی ہی واحد ایسی پارٹی ہے جس میں بوتھ کا نظم کرنے والے کارکن کو ایک دن پوری پارٹی کی ذمہ داری بھی مل جاتی ہے۔ انہوں نے آنے والے اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے بوتھ صدور سے اپیل کی کہ اب صحیح وقت آگیا ہے کہ ایک ایک بوتھ صدر اپنے بوتھ کا صحیح سے انتظام سنبھالے۔ہم بوتھ جیت کر انتخاب جیت سکتے ہیں۔نڈا نے کانگریس اور ایس پی سبھی اپوزیشن پارٹیو ں پرکنبہ پروری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا خواب اپنے عام کارکن کے خوابوں کا ہندوستان بنانا ہے۔ باقی پارٹیوں کی ترجیح سیاست کے ذریعہ اپنے کنبے کے مفاد کی تکمیل ہوتی ہے اس کے بعد ان کے لئے ملک اور سماج کا مفاد آتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے انتخابی تیاریوں کے پیش نظر اپنے بوتھ سطح کے کارکنوں کو متحد کرنے کے لئے ریاست کے مختلف علاقوں میں بوتھ صدور سمیلن کا انعقاد کررہی ہے۔ اسی کڑی میں ایٹہ کا یہ چوتھا بوتھ سمیلن ہے۔