رسل کی شاندار اننگز کی بدولت دکن گلیڈی ایٹرز نے ٹی -10 خطاب جیتا

دبئی، دسمبر۔ دنیا کے بہترین آل راؤنڈروں میں سے ایک آندرے رسل کی 90 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت دکن گلیڈی ایٹرز نے ہفتہ کو یہاں فائنل میں دہلی بلز کو 56 رنز سے شکست دے کر ٹی 10 لیگ 2021-22 کا خطاب جیت لیا۔ 2019 کے ایڈیشن کی رنر اپ، دکن گلیڈی ایٹرز ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے اتری۔ بڑا سکور بنانے کے لیے ٹیم نے دھماکہ خیز بلے باز آندرے رسل کو اوپنر کے طور پر کریز پر اتارا اور ٹیم کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔ رسل نے ساتھی اوپنر کوہلر کیڈمور کے ساتھ مل کر 10 اوورز میں 159 کا بڑا اسکور بنایا، جو ٹورنامنٹ کے اس ایڈیشن اور تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیم کا اسکور ہے۔ بلے بازی میں متاثر کن ہونے کے بعد گلیڈی ایٹرز نے گیند بازی سے اچھا مظاہرہ کیا اور دہلی بلز کو 10 اوور میں سات وکٹ پر 103 رن پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی گلیڈی ایٹرز نے پہلی ٹی-10 لیگ کا خطاب جیت لیا۔ رسل نے 32 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 90 رنز کی اننگز میں نو چوکے اور سات چھکے لگائے، جب کہ کیڈمور نے 28 گیندوں پر تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے دھماکہ خیز 59 رنز بنائے۔ دہلی بلز کی جانب سے چندر پال ہیمراج نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے۔ انہوں نے 20 گیندوں میں دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 42 رنز کا اضافہ کیا۔ رسل کو ان کی میچ وننگ اننگز کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دکن گلیڈی ایٹرز کی جانب سے وینندو ہسرنگا، اوڈین اسمتھ اور ٹائمل ملز نے میچ میں دو دو و جبکہ آندرے رسل نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہسرنگا کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 21 وکٹیں لینے پر ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔

 

Related Articles