یوپی میں نوجوانوں نے روزگار مانگا، لاٹھیاں ملیں: راہل-پرینکا

نئی دہلی، دسمبر۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی اتر پردیش انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اتوار کو یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت سے نوجوانوں نے جب روزگار کا مطالبہ کیا اور کینڈل مارچ کیا تو ان پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔مسٹر گاندھی نے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بی جے پی والے ووٹ مانگنے آئیں گے تو ان نوجوانوں کو یہ واقعہ ضرور یاد ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اتر پردیش حکومت نے روزگار مانگنے والوں کو لاٹھیاں ماریں – جب بی جے پی ووٹ مانگنے آئےتو یاد رکھنا‘‘۔محترمہ گاندھی نے کہا ’’ نوجوان ہاتھوں میں موم بتیوں کی روشنی لیکر اپنی آواز بلند کر رہے تھے کہ ’روزگار دو‘ لیکن اندھیرے کی علامت بن چکی یوگی حکومت نے ان نوجوانوں کو لاٹھیاں دیں‘‘۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی حکومت کی لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ڈر کر خاموش نہ رہیں بلکہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ساتھیو، چاہے وہ کتنی ہی لاٹھیاں چلائیں، روزگار کے حق کی لڑائی کی لو بجھنے نہ دینا۔ میں اس لڑائی میں آپ کے ساتھ ہوں۔

Related Articles