بحریہ چین کی ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے: ایڈمرل ہری کمار

نئی دہلی، دسمبر ۔بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آر ہری کمار نے آج کہا کہ ہندوستانی بحریہ بحر ہند میں چین کی ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اورکووڈ چیلنج کے باوجود ملک کے سمندری مفادات کے تمام منفی حالات میں محدود وسائل کا استعمال کرتے ہوئے دفاع کرنے کے لئے پوری طرح تیارہے۔یوم بحریہ کے موقع پر یہاں سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ہری کمار جنہوں نے تین روز قبل بحریہ کی باگ ڈور سنبھالی تھی، نے کہا کہ بحریہ کو تینوں سروسیز کے انضمام اور ملک کو دفاعی شعبہ میں خود مختار بنانے کے لیے چلائی جارہی حکومت کے تمام اسکیموں کی بھرپور حمایت کررہی ہے اور ان میں جتنا ممکن ہو تعاون کررہی ہے۔ایڈمرل نے کہا کہ ان کی قیادت میں بحریہ کا نصب العین ‘شپس فرسٹ’ ہوگا کیونکہ ہمارے جنگی جہاز اور ان پر تعینات افرادی قوت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ جس طرح فضائیہ کا نعرہ ‘ایئر کرافٹ فرسٹ’ ہے، اسی طرح بحریہ کا نعرہ ہے۔ بحریہ کی آبدوز سے متعلق انٹیلی جنس کے افشا ہونے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس وقت مقامی ایجنسی اور بحریہ کی جانب سے اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ بحریہ ہر ممکن تعاون کر رہی ہے اور اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے بتایا کہ شمالی سرحد پر پیدا ہونے والی صورتحال اور کووڈ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بحریہ بیک وقت دو پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جب ان سے چینی بحریہ کی سرگرمیوں اور اس کے پاس موجود جنگی جہازوں، آبدوزوں اور طیارہ بردار جہازوں کی بڑی تعداد کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ چین کی ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے صرف جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی تعداد ہی ذمہ دار نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے افرادی قوت بھی اتنی ہی اہم ہے۔ بحریہ کے پاس اعلیٰ اور ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت ہے جو کسی بھی مقابلے میں پیچھے نہیں ہٹے گی۔بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ کسی خاص ملک کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیت میں اضافہ نہیں کرتی ہے بلکہ وہ آنے والے حالات اور چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیت اور طاقت کو بڑھانے کے لیے مرحلہ وار منصوبے پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوی میں پلیٹ فارمز کی تعداد بڑھانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور وہ ابھی کوئی نمبر نہیں دے سکتے کیونکہ یہ حالات اور ضرورت پر منحصر ہو گا۔ یہ تعداد تجویز کردہ 170 سے زیادہ یا کم ہو سکتی ہے۔ ٹیکنالوجی میں تیزی سے تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دس سالوں کو مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ٹیکنالوجی متروک نہ ہو جائے۔جب ان سے چین اور پاکستان کی بیک وقت دو طرفہ کارروائی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اہل وطن کو یقین دلاتے ہیں کہ بحریہ موجودہ وسائل کا زیادہ سے زیادہ اور بہترین استعمال کرتے ہوئے ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے اور اس معاملے میں خواہ کچھ بھی ہو۔ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ چینی آبدوزوں پر کڑی نظر رکھتی ہے اور ان کی نقل و حرکت پر بھی سخت نظر رکھتی ہے۔ایڈمرل آر ہری کمار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گزشتہ سال جب شمالی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہوا تو بحریہ نے اپنے جنگی جہاز آگے کی جگہوں پر تعینات کر دیے تھے اور چینی بحریہ کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھ رہی تھی، یہ کام مسلسل چلتارہتا ہے۔ ہند۔ بحرالکاہل کے خطہ کو ہندوستان کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی یہاں مضبوط موجودگی ہے اور وہ ہر قیمت پر اپنے سمندری مفادات کا تحفظ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

Related Articles