’دوحہ سے دوحہ تک‘ فیفا ورلڈکپ کی پروموشن کیلئے قطر ائیر ویز کی منفرد پرواز
دوحہ،نومبر۔کسی بھی عرب ملک میں کھیلا جانے والا پہلا اور 22 واں فیفا ورلڈ کپ سال 2022 میں 21 نومبر کو قطر میں شروع ہو رہا ہے۔تاریخ کے اس بڑے ایونٹ کے انعقاد میں گو کہ ابھی پورا ایک سال باقی ہے مگر قطر میں اس سے جڑی سرگرمیوں کا آغاز ابھی سے شروع ہوگیا ہے۔ہفتے کی دوپہر قطر کی سرکاری ائیر لائن قطر ائیرویز نے ’دوحہ سے دوحہ تک‘ کی ایک گھنٹہ 22 منٹ کی پرواز کرکے فیفا ورلڈ کپ 2022 کیلئے مختص قطر کے مختلف اسٹیڈیمز کا فضائی دورہ کیا۔قطر ائیر ویز کی پرواز کیو آر 2022 نے دوحہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے صبح 10 بجکر 17 منٹ پر ٹیک آف کیا۔ اس خصوصی طیارے نے فیفا ورلڈ کپ کیلئے مختص تمام اسٹیڈیم پر انتہائی نچلی پرواز کی اور الوکرہ، دوحہ، الخور اور لوسیل میں زیر تعمیر اسٹیڈیمز کا جائزہ لیا۔ اس طیارے نے دوپہر 11 بجکر 39 منٹ پر دوحہ میں ہی لینڈنگ کی۔ قطر ائیرویز نے اس خاص مشن کیلئے 7 سال پرانے بوئنگ 777 تھری ڈی زیڈ طیارے کا انتخاب کیا۔ کسی عرب ملک کی میزبانی میں ہونے والے اس پہلے ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔افتتاحی میچ ٹھیک آج کے دن 21 نومبر کو قطر کے شمالی شہر الخور میں کھیلا جائے گا جبکہ ورلڈ کپ 18 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا۔