عدالت عظمیٰ کا لمیٹیشن پیریڈ بڑھانے سے متعلق احکامات واپس لینے کا فیصلہ
نئی دہلی ، ستمبر۔ سپریم کورٹ یکم اکتوبر سے کورونا وبا کے پیش نظر اپیلیں دائر کرنے کی حد کی مدت میں توسیع سے متعلق حکم واپس لے لے گی۔چیف جسٹس این وی رمن نے جمعرات کو کہا کہ کووڈ کے پیش نظر اپیلیں دائر کرنے کی مدت کے بارے میں ازخود حکم یکم اکتوبر سے واپس لے لیا جائے گا۔ تاہم عدالت نے اشارہ کیا کہ یکم اکتوبر کے بعد 90 دن کی اضافی مدت دی جائے گی۔عدالت نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ایک حکم جاری کرے گی ، جس میں شرائط اور ہدایات ہوں گی۔جسٹس این وی رمن ، جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس سوریہ کانت پر مشتمل ڈویژن بنچ لمیٹیشن پیریڈ بڑھانے کے معاملہ میں توسیع کے معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کر رہی تھی۔اس سے قبل اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے کہا تھا کہ اب حالات معمول پر آچکے ہیں اور ان کے علم میں ملک میں کوئی کنٹینمنٹ زون نہیں ہے۔ اس پر جسٹس رمن نے کہا ’’ہم اس سلسلے میں اپنا حکم واپس لے سکتے ہیں‘‘۔قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر میں عدالت عظمیٰ نے محدود مدت کے حوالے سے ایک خصوصی حکم جاری کیا تھا ، تاکہ اپیل دائر کرنے میں تاخیر کی وجہ سے مقدمہ چلانے والوں کو انصاف حاصل کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔اس سے قبل ’سپریم کورٹ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ ایسوسی ایشن‘ کے صدر شیواجی جادھو نے عدالت پر زور دیا تھا کہ وہ تیسری لہر کے امکان کے پیش نظر اس سال کے آخر تک متعلقہ حکم میں توسیع کرے ، لیکن چیف جسٹس نے انکار کر دیا اور کہا کہ اگر تیسری لہر ہے تو حکم دوبارہ جاری کیا جائے گا۔