کیجریوال نے ڈاکٹر امت کی بیوی کو مالی امداد کا چیک سونپا
نئی دہلی، ستمبر.دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کووڈ-19 کی ڈیوٹی کے دوران ڈاکٹر امت سنگھ دامیا کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہونے کے بعد ان کی بیوی منمیت النگ کو مالی امداد کے طور پر آج 10 لاکھ روپیے کا چیک سونپا۔ مسٹر کیجریوال نے کہا،’ہم فرنٹ لائن ورکرس کے ساتھ ہمیشہ کھڑے ہیں۔ ہمیں ڈاکٹر دامیا کی خدمات پر بہت فخر ہے۔ ہم ان کی زندگی واپس تو نہیں لا سکتے، لیکن امید کرتا ہوں کہ اس مالی امداد سے ان کے اہل خانہ کو تھوڑی مدد مل جائے گی۔ یہ مالی امداد سی ایم ریلیف فنڈ سے منظور کی گئی ہے‘۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر دامیا کی موت پر اظہار تعزیت کیا اور اہل خانہ کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نے کورونا کے دوران مسلسل ڈیوٹی کی اور پوری لگن سے کورونا مریضوں کی خدمات کی۔ میں ان کے اہل خانہ سے آج ملا اور اہل خانہ کو مالی امداد کے طور پر 10 ،لاکھ روپیے کا چیک سونپا۔ یہ ہماری جانب سے مدد کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔ ہم فرنٹ لائن ورکرس کے ساتھ ہمیشہ کھڑے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر امت سنگھ دامیا‘سوامی وویکانند اسپتال کے اینیستھیسیا محکمہ میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر سینیئر ریزیڈنٹ کے طور پر تعینات تھے۔ وہ کورونا کی ڈیوٹی پر تھے اور ڈیوٹی کے دوران ہی انھیں 13 مئی کو دل کا دورہ پڑا تھا۔