بیورو آف پولیس ریسرچ بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے میں پولیس کو اہل بنائیں : شاہ
نئی دہلی، 4 ستمبر, مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ اگلی دہائی ملک کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے، اس لیے بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (بی پی آر اینڈ ڈی) کو پولیس دستوں کو داخلی اور بیرونی سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں ہر طرح سے اہل بنانے کی سمت میں تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔مسٹر شاہ نے آج یہاں بی پی آر اینڈ ڈی کے 51 ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی داخلی سلامتی کی ذمہ داری پولیس کے ہاتھوں میں ہے جبکہ مختلف سنٹرل پولیس فورسز سرحدوں کی مستعدی سے نگرانی کر رہی ہیں۔ انہیں یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ ملک بہت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان 5 کھرب روپے کی معیشت بننے کی طرف بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اسے آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہماری پولیس فورس کو بڑھتے اور مسلسل بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مستعدی کےساتھ تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کو ریاستی پولیس اور سنٹرل پولیس فورسز کو ہر طرح سے بااختیار بناتے ہوئے اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کرکے اس معاملے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔مسٹر شاہ نے کہا کہ جب یہ بیورو قائم کیا گیا تھا،اس وقت جو سب سے بڑے چیلنجز تھے شاید اب چھوٹے ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ سائبر، ڈرون ، جعلی کرنسی، منشیات کی اسمگلنگ جیسے چیلنجوں نے لے لی ہے۔ ہماری پولیس فورسز اور ایجنسیوں کو ان سے نمٹنے کے لیے بہت تیزی سے فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح بیورو کو ایک اور سمت میں تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ہے سرحدوں کے سیکورٹی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مرکزی پولیس فورسز کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانا۔ اگرچہ یہ ابھی تک بیورو کے چارٹر میں شامل نہیں ہے، لیکن حکومت اس کے لیے تبدیلیاں کرے گی اور بیورو کو اس کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ اس تناظر میں انہوں نے زمینی اور سمندری سرحد کی حفاظت کے شعبے میں کام کو بہت ضروری قرار دیا۔