این ڈی اے میں بھی ہوئی سیٹوں کی تقسیم ، جے ڈی یو کو 122 اور بی جے پی کو ملی 121 سیٹیں
پٹنہ 06 اکتوبر( یواین آئی ) قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) نے بہار اسمبلی انتخاب کیلئے آج حلیف جماعتوں کے مابین سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کیا ۔ جس کے تحت جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کے حصے میں 122 اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے حصے میں 121 سیٹیں آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ اور جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار نے بی جے پی کے بہار انتخاب کے انچارج دیورندر فڑنویس ، بھوپندر یادو اور دونوں پارٹیوںکے ریاستی سطح کے سینئر لیڈران کی موجودگی میں منگل کو یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کے مابین سیٹ تقسیم کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ تال میل کے تحت اس بار جے ڈی یو کو122 اور بی جے پی کو 121 سیٹیں ملی ہیں۔
مسٹر کمار نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی کی پارٹی ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم ) کو جے ڈی یو اپنے کوٹے سے سات سیٹیںدے گی ۔ وہیں بی جے پی کے کوٹے سے مسٹر مکیش سہنی کی ویکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کو سیٹ دی جائے گی ۔ جس کے ساتھ بی جے پی کی بات چیت آخری مرحلے میں ہے ۔