بوسنیا میں یورپی یونین کے امن مشن کے دوران اٹلی کا ہیلی کاپٹر تباہ

چار فوجی اہلکار ہلاک، 11 زخمی

سرائیوو (بوسنیا و ہرزیگووینا)بوسنیا میں یورپی یونین کے امن مشن کے دوران اٹلی کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس حادثے میں چار فوجی اہلکاروں کی موت ہوگئی، جبکہ 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ یورپی یونین فورس نے بتایا کہ جمعرات کی شام بوسنیا و ہرزیگووینا میں معمول کی تربیتی مشق کے دوران چینوک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔بوسنیا و ہرزیگووینا کے شہر بانیا لوکا سے شائع ہونے والے سربو۔کروشین زبان کے روزنامہ ’گلاس سرپسکے‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ فضائی حادثہ برچکو کے قریب گوریس سیکٹر میں پیش آیا۔ حادثے میں جان گنوانے والوں میں اٹلی کی مسلح افواج کے دو اہلکار اور اطالوی ملٹری ریڈ کراس کے دو ارکان شامل ہیں۔زخمی ہونے والے 11 افراد میں سے دو کو توزلا میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر نو افراد کا علاج برچکو میں جاری ہے۔
یورپی یونین فورس نے اپنے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ فورس نے حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گمراہ کن اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔ اس کے ساتھ ہی جاں بحق فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ، دوستوں اور رشتہ داروں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔یورپی یونین فورس کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی بوسنیا و ہرزیگووینا کی مقامی ہنگامی طبی خدمات اور فورس کی رابطہ و نگرانی ٹیم کے ارکان فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے متاثرہ افراد کو برچکو کے طبی مراکز میں پہنچایا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حادثے میں کوئی عام شہری زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی شہری بنیادی ڈھانچے، املاک یا گاڑیوں کو کوئی نقصان پہنچا ہے۔ادھر اٹلی کی حکومت نے متاثرہ فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ کو ان کے پیاروں کی شناخت کے بارے میں مطلع کردیا ہے۔ اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے حادثے میں متاثر ہونے والے افراد، ان کے اہل خانہ اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تعینات تمام اہلکاروں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی اٹلی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون اور یکجہتی کا یقین دلایا۔

Related Articles