غریبوں اور محروموں کے حقوق چھیننے والے دراندازوں سے اکھلیش کو اتنی محبت کیوں: یوگی

کانپور،  اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے روز سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو کو نشانہ بناتے ہوئے بنگلہ دیشی اور پاکستانی دراندازوں کے حوالے سوال اٹھائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایس پی اور کانگریس کے دورِ حکومت میں غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کے مفادات کو نظر انداز کیا گیا، جبکہ موجودہ حکومت ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔
کانپور نگر میں 411 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا، "میں اکھلیش جی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ بنگلہ دیشی دراندازوں سے اتنی محبت کیوں ہے؟” انہوں نے الزام لگایا کہ دراندازوں کی وجہ سے غریبوں کے حقوق متاثر ہوتے ہیں اوراسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے دوران ایس پی نے ایسے لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرانے کی کوشش کی۔
یوگی نے ایس پی اور کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ان پارٹیوں کو ریاست میں طویل عرصے تک حکومت کرنے کا موقع ملا، لیکن ان کے دورِ اقتدار میں کسانوں، غریبوں، نوجوانوں اور خواتین کے مسائل کا مناسب حل نہیں نکالا گیا۔ انہوں نے ایس پی کے دورِ حکومت میں امن و امان کی صورت حال پر بھی سوال اٹھائے اور الزام لگایا کہ اس دوران مجرموں اور فسادیوں کو سرپرستی حاصل تھی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2012 میں ایس پی حکومت بننے کے بعد بھدوہی کا نام سنت روی داس نگر سے بدل دیا گیا۔ انہوں نے قنوج میڈیکل کالج سے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا نام ہٹانے اور لکھنؤ کی لینگویج یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ان فیصلوں پرایس پی کی تنقید کی۔
یوگی نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد مذہبی مقامات کی ترقی اور عقیدت مندوں کی سہولیات میں توسیع پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کاشی وشواناتھ دھام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پہلے وہاں ایک وقت میں 20 عقیدت مندوں کے درشن کرنے کا انتظام تھا، جبکہ اب 20 ہزار عقیدت مند درشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ایودھیا اور ماں وندھیہ واسنی دھام میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ ایس پی اور کانگریس نے ایودھیا کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں نے ایودھیا میں بجلی، بنیادی سہولیات اور ہوائی اڈے کی ترقی کو مناسب ترجیح نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے رام بھکتوں کے جذبات کے مطابق ایودھیا میں شاندار رام مندر کی تعمیر اور شہر کی ترقی کو آگے بڑھایا ہے۔

Related Articles