ہماچل میں دو سڑک حادثوں میں پانچ ہلاک، چھ زخمی
شملہ، مئی۔ ہماچل پردیش کے شملہ ضلع میں دو مختلف سڑک حادثوں میں پانچ افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ کل رات رام پور کے ڈگلو کے نزدیک کرئی میں ایک جے سی بی کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں جے سی بی آپریٹر منوج کمار (19) ولد اشوک کمار ساکن فیروز پور کلاں تحصیل پٹھانکوٹ اور سمیت تھاپا (15) ولد دیپک تھاپا کی موت ہو گئی ہے۔ جبکہ ہردیو شرما، تیتر شرما، ہیمنت، گوپی، شبھم اور لال بہادر زخمی ہو گئے۔ یہ نیپال اور بہار کے باشندے ہیں۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔جھکڑی کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر شیر سنگھ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جب کہ چھ زخمی ہیں۔ مرنے والوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثہ جے سی بی آپریٹر کی غفلت اور لاپروائی کے باعث پیش آیا۔دوسری جانب روہڑو میں رنتڑی کے مقام پر کار گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں کار میں سوار تین افراد جائے واقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت دھرمیندر ولد سنسار داس، جتیندر ولد سوریہ کانت گاؤں برتو اور نیرج ولد بلبیر گاؤں باگی لوئر کوٹی کے طور پر کی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے مرنے والوں کے لواحقین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔