حصولیابیوں اور ترقیاتی کاموں کے ہتھیار سے کریں اپوزیشن پر حملہ: شیوراج
بھوپال، اپریل ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل ایز اور ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کی حصولیابیوں اور ترقیاتی کاموں کے ہتھیاروں سے کانگریس کے جھوٹ کا جواب دیں۔مسٹرچوہان کل دیر شام یہاں پارٹی کے ‘بوتھ وجے سنکلپ ابھیان’ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘من کی بات’ پروگرام کے حوالےسے ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران پارٹی کے ریاستی انچارج مرلی دھر راؤ، ریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ وشنودت شرما اور ریاستی تنظیم کے جنرل سکریٹری ہیتا نند شرما بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ مسٹرچوہان نے کہا کہ کانگریس کے لوگ عوام میں جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کبھی ترقی نہیں کی۔ کانگریس کے وقت مدھیہ پردیش کا بجٹ 21 ہزار کروڑ روپے ہوتا تھا، آج تین لاکھ 14 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا ہے۔ کانگریس نے مستحقین میں رقم تقسیم نہیں کی۔ ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر پورے دعوؤں کے ساتھ کانگریس کے جھوٹ کا جواب دیں۔انہوں نے ارکان اسمبلی اور ایم ایل ایز سے کہا کہ وہ میدان میں اتریں اور مخالفین پرٹوٹ پڑیں۔ حصولیابیوں اور ترقیاتی کاموں کے ہتھیاروں کا استعمال کریں۔حکومت کے آنے والے پروگراموں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے انہیں کامیاب بنانے میں لگ جانے کی اپیل کی۔پارٹی کے ریاستی انچارج مسٹر راؤ نے 4 سے 14 مئی تک چلنے والے بوتھ وجے سنکلپ ابھیان کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ 10 روزہ مہم پارٹی کی ایک اہم مہم ہے۔ اس مہم کے تحت 10 بوتھس پر ایک کلسٹر بنایا جائے گا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر مسٹر شرما نے کہا کہ اس بار 200 پار کا نعرہ ہمارے تنظیمی نظام کی مضبوطی سے پورا ہوگا۔ جس طرح گجرات میں 80 لاکھ پنا کمیٹیوں کی محنت سے بی جے پی نے زبردست جیت حاصل کی، جس کا تذکرہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا، اسی طرح مدھیہ پردیش میں بھی اردھ پنا پرمکھ اور پنا سمیتی کی تشکیل ہوئی ہے۔ اسی بنیاد پر ہم فتح کی طرف بڑھیں گے۔انہوں نے 30 اپریل کو ہونے والے من کی بات پروگرام کو موثر بنانے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے روشن خیال لوگ اس میں شامل ہوں، اس سمت میں تیاریاں کی جائیں۔مرکزی حکومت کے نو سال مکمل ہونے پر 15 مئی سے 15 جون تک ایک ماہ کے خصوصی پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے گھر گھر رابطہ کیا جائے گا۔