کانگریس میں بڑا لیڈر بننے کا مقابلہ، اوٹ پٹانگ بیانات دیے جا رہے ہیں: شیوراج
بھوپال، اپریل ۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹی میں خود کو ‘بڑا لیڈر ثابت کرنے کا مقابلہ ہورہا ہے اور اسی سلسلے میں اوٹ پٹانگ بیانات بھی دیے جا رہے ہیں۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ رانی کملا پتی کے بارے میں تضحیک آمیز بیان دینے کے بعد اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر گووند سنگھ معافی نہیں مانگ رہے ہیں، بلکہ ایک بار پھر مضحکہ خیز بیان دے رہے ہیں۔ کانگریس صدر کمل ناتھ بھی عجیب ہیں۔ وہ بھی اس کی حمایت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رانی کملا پتی لاکھوں لوگوں کی عقیدت کا مرکز ہیں۔ کانگریس عقیدت کے مراکز اورقبائلی ہیروز کی توہین کرتی ہے کیونکہ انہیں صرف ایک خاندان نظر آتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر اس طرح توہین کرنے کے بعد کہہ رہے ہیں کہ اب وہ بڑے لیڈر بن گئے ہیں۔ کیابڑا لیڈر بننے کے لیے اوٹ پٹانگ بیانات دیے جائیں گے۔مسٹرچوہان نے کہا کہ کانگریس میں بڑا لیڈر بننے کا مقابلہ چل رہا ہے۔ کوئی اسمبلی میں جھوٹ بولنے پر معطل کیا جاتا ہے، کوئی قانون کی کاپی پھاڑ کر بڑا بننے کی کوشش کرتا ہے۔ کوئی معذوروں کو پیٹ کر بڑا بننے کی کوشش کرتا ہے۔ کوئی ایسا بیان دیتا ہے کہ مسلمانوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مسٹرکمل ناتھ کو لگتا ہے کہ وہ چھوٹے نہ رہ جائیں۔ وہ کھاتے گاؤں جاکر بولتے ہیں کہ وہاں ووٹر نشے میں ہیں کیونکہ وہ مسلسل بی جے پی کو جتوا رہے ہیں۔ کیا یہ ووٹروں کی توہین نہیں؟ کانگریس کی عوام کے تئیں ایسی سوچ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کانگریس کی دھڑے بندی میں ایک دوسرے کو چھوٹا بنانے کے لئے مضحکہ خیز بیانات دینے کی مہم چل رہی ہے۔ ریاست کی سیاسی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔