اپوزیشن کا متحد ہو کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ تاریخی : راہل

نئی دہلی، اپریل۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اور دیگر رہنماؤں نے بدھ کو یہاں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کی اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کر کے انتخابات میں حصہ لینے کا تاریخی فیصلہ کیا۔میٹنگ کے بعد مسٹر گاندھی نے ملاقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کی طرف بڑھنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اپوزیشن پارٹیاں کس حکمت عملی کے ساتھ متحد ہو کر آگے بڑھیں گی، مسٹر گاندھی نے کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ کھڑی ہو کر اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا شروع کر دیں تو یہ خود بخود طے ہو جائے گا کہ اتحاد کو کس طرح مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تمام جماعتوں کے قائدین مل بیٹھیں گے اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو یہ خیالات خود بخود آنے لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کے لیے متحد ہیں اور مل کر ملک کے مسائل حل کریں گے۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہو سکتا ہے جس میں اپوزیشن اتحاد کو متحد کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ جنتا دل یونائیٹڈ لیڈر نتیش کمار، پارٹی صدر للن سنگھ، راشٹریہ جنتا دل-آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، منوج جھا سمیت کئی سرکردہ لیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔مسٹر کھڑگے نے کہا ’’آئین کو بچائیں گے اور جمہوریت کو بچائیں گے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور دیگر لیڈروں سے ملاقات کرکے عوام کی آواز کو ایک ساتھ اٹھانے اور ملک کو ایک نئی سمت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آج ہماری ایک تاریخی ملاقات ہوئی جس میں بہت سے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کریں گے اور آنے والے عام انتخابات مل کر لڑیں گے۔مسٹر کمار نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں زیادہ سے زیادہ متحد ہوں گی اور سب مل کر آگے بڑھیں گے۔

Related Articles