شہزادہ محمد بن سلمان کی مسجد نبوی آمد، ریاض الجنۃ میں نماز ادا کی
مدینہ منورہ،مارچ۔سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کے روز مسجد نبوی ؐ کا دورہ کیا، اور ریاض الجنۃ میں نماز ادا کی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم آمد پر جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز السدیس اور ان کے نامور ائمہ، مبلغین اور معاونین نے استقبال کیا۔اس کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد قبا کا دورہ کیا اور مسجد میں دو رکعت نماز ادا کی۔عزت ماٰب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مسجد قبا آمد پر ان کا استقبال وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی مدینہ منورہ میں شاخ کے ڈائریکٹر جنرل وجب بن علی العتیبی اور مسجد قبا کے امام ڈاکٹر سلیمان بن سلیم اللہ الرحیلی اور مسجد قبا کے چیف موذن شیخ احمد حسن بخاری نے کیا۔ولی عہد کے مسجد نبویؐ اور مسجد قبا کے دورے کے دوران المدینہ المنورہ ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز اور المدینہ المنورہ ریجن کے نائب گورنر عزت مآب شہزادہ سعود بن خالد الفیصل بھی ان کے ساتھ تھے۔ اسی طرح وزیر مملکت اور وزرا کونسل کے رکن شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل، شہزادہ سعود بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز، سینئر سکالرز کے کے رکن اور شاہی عدلیہ کے مشیر شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الششری اور ان کے بلند مرتبہ وزرا بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اس دورہ کے دوران ان کے ساتھ رہے۔