بھوپیش سرکار غریبوں کو مکان فراہم کرنے کے لیے سروے کرائے گی
رائے پور، مارچ ۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے مرکزی حکومت پر پچھلے 12 برسوں سے مردم شماری نہیں کرانے کا الزام لگاتے ہوئے ریاست میں غریبوں کو مکان فراہم کرنے کے لیے اہل لوگوں کا پتہ لگانے کے لیے ایک سروے کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر بگھیل نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری سال 2011 میں ہوئی تھی۔ گزشتہ 12 برسوں میں مرکزی اور ریاستی اسپانسرڈ اسکیموں کے نفاذ سے عام شہریوں کی زندگیوں میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنا ضروری ہے، تاکہ اس مدت کے دوران ان اسکیموں سے وابستہ اہل استفادہ کنندگان کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کرانے کے لیے وزیر اعظم کو خط بھی لکھا ہے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کے تمام اہل مستحقین کو پکے مکانات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر مرکزی حکومت ہاؤسنگ اسکیم کے اہل استفادہ کنندگان کا سروے شروع نہیں کرتی ہے تو ریاستی حکومت خود یکم اپریل سے 30 جون تک ہاؤسنگ اسکیم کے اہل استفادہ کنندگان کا ایک نیا سروے کرے گی۔اس کے بعد اہل افراد کو منظم طریقے سے رہائش فراہم کی جائے گی۔ مسٹر بگھیل نے کہا کہ جنگلات کے حقوق پٹے کے معاملے میں چھتیس گڑھ ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ انفرادی دعوے ہوں یا برادری کے دعوے، 20 لاکھ ہیکٹر اراضی قبائلیوں یا روایتی جنگل میں رہنے والوں کو دستیاب کرائی گئی ہے۔