ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ 38 لاکھ سے زائد افراد صحتیاب

نئی دہلی، دنیا کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں ہندوستان میں کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثرہ افراد سب سے زیادہ صحتیاب ہوئے ہيں، جہاں اب تک 38.5 لاکھ مریض کورونا وائرس سےنجات پاکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

وزارت صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے منگل کے روز یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کی جانچ کی صلاحیت میں تیزي سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ ہفتے 76 لاکھ نمونے جانچ کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں 14 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے پانچ ہزار سے بھی کم متاثرہ مریض زیر علاج ہیں اور 18 ریاستوں اور مرکزی علاقوں میں کورونا وائرس کے زير علاج مریض پانچ ہزار سے 50 ہزار کے درمیان ہیں۔ ملک میں صرف چار ریاستیں ایسی ہیں جہاں پر کورونا وائرس کے 50 ہزار سے زیادہ مریض زیر نگرانی ہیں۔

مسٹر بھوشن نے بتایا کہ ملک میں پانچ ریاستیں ایسی ہیں جہاں پر کورونا وائرس کے 60 فیصد مریض ہيں۔ ان میں سے مہاراشٹرا میں 29.5 فیصد، کرناٹک میں 9 فیصد، آندھرا پردیش میں 9.4 فیصد، اترپردیش میں 6 فیصد، اور تمل ناڈو میں 4 فیصد مریض ہيں اور باقی 39.6 فیصد مریض دیگر ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

 

Related Articles