آن لائن گیمز اور جوئے پر پابندی کے لیے سخت قوانین بنے: وشنو
نئی دہلی، فروری ۔ حکومت نے کہا ہے کہ آن لائن گیمز اور جوئے کا رجحان نوجوان نسل کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کر رہا ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے مرکزی حکومت کو قانون بنانے کی ضرورت ہے۔الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر اشونی کمار وشنو نے بدھ کو لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ 17 ریاستوں کے ذریعہ آن لائن گیمز اور جوئے کی نگرانی کی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت اس سمت میں قدم اٹھا رہی ہے اور اس کے لیے ریاستوں کے ساتھ مل کر مرکزی سطح پر سخت قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سمت میں تمام پارٹیوں کو لائن سے اوپر اٹھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ اس کو روکنے کے لیے کس طرح سخت قوانین بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے اشتہارات پر مشاورت کا بھی انتظام ہے تاکہ نوجوان معاشرے کے نامور افراد کی طرف سے فروغ دی جانے والی آن لائن گیمز سے متاثر نہ ہوں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے ایک قانون بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔