اردو زبان سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا
سری نگر، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وہ اردو زبان سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی گفتگو میں ہندی زبان کے زیادہ الفاظ استعمال کرنے پر معذرت چاہتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کو پیر کے روز یہاں راج بھون میں جب ایک نامہ نگار نے تجویز دی کہ کشمیر جیسے خطے، جس میں لوگ اردو بہ آسانی سمجھ لیتے ہیں اور ہندی سے بالکل نابلد ہیں، میں ٹھیٹ ہندی زبان کا استعمال نہ کیا جائے تو موصوف کا جواب تھا کہ وہ اردو سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘میں اردو سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ہندی کے الفاظ کا استعمال کرنے پر میں معذرت چاہتا ہوں۔ زیادہ غلط اردو بولوں گا تو وہ بھی صحیح نہیں ہے’۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے حال ہی میں جموں و کشمیر میں ہندی، ڈوگری، کشمیری اور انگریزی زبانوں کو بھی سرکاری زبان کا درجہ دیا۔ اس سے قبل اردو کو کم از کم 130 برس سے یہاں کی واحد سرکاری زبان ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔