دہلی : 48 ہزار جھگیوں میں رہنے والوں کی بڑی راحت، مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ سے کہا- فی الحال نہيں ہٹائی جائیں گی
نئی دہلی، مرکزی حکومت نے پیر کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس وقت دہلی میں ریلوے لائن کے کنارے واقع 48 ہزار جھگیوں کو نہیں ہٹایا جائے گا۔
سالسیٹر جنرل تشارمہتا نے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی زیر صدارت بنچ کو بتایا کہ دہلی میں ریلوے لائن کے کنارے واقع 48 ہزار جھگیوں کو ابھی ہٹایا نہیں جارہا ہے۔
مسٹر تشارمہتا نے عدالت عظمی کو بتایا کہ اس معاملے میں ریلوے، محکمہ شہری ترقیات اور دہلی حکومت مل کر چار ہفتوں میں کوئی حل ڈھونڈ لینے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تب تک جھگیوں کو نہیں ہٹایا جائے گا۔
واضح رہے کہ دہلی میں تقریبا 140 کلومیٹر لمبی ریلوے لائن ہے، جس کے کنارے لوگوں نے اپنے گھر تعمیر کررکھے ہیں۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ 48 ہزار جھگیوں کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
سالیسٹر جنرل نے عدالت عظمی کو یقین دلایا کہ جب تک حکومت اس معاملے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرتی، تب تک ان جھگیوں کو نہیں ہٹایا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے جج (رٹائرڈ) ارون مشرا نے ریلوے لائن کے کنارے واقع ان غیر قانونی جھگیوں کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔