مرمو 14 نومبر کو بابا بیدیا ناتھ دھام مندر جائیں گی
دیوگھر، نومبر۔صدر دروپدی مرمو پیر کو بابا بیدیا ناتھ دھام مندر جائیں گی اور پوجا کریں گی۔دیوگھر کے ڈپٹی کمشنر منجوناتھ بھجنتری نے پہلے ہی ٹویٹر کے ذریعہ یہ جانکاری دی ہے۔دیوگھر کے ڈی سی نے بتایا ہے کہ صدر جمہوریہ کے دورہ کی وجہ سے 14 نومبر کو صبح 9 بجے سے 3.30 بجے تک عام عقیدت مندوں کو پوجا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔صدر کے مندر سے نکلنے کے بعد ہی عام عقیدت مندوں کو مندر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ ڈی سی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے پروگراموں کی منصوبہ بندی کریں۔ذرائع کے مطابق صدر کل دوپہر تقریباً 1.30 بجے دیوگھر ہوائی اڈے پر اتریں گی اور دوپہر 2 بجے تک مندر پہنچیں گی۔ اس دوران ڈی سی امن و امان کا جائزہ لے رہے ہیں۔یہ محترمہ مرمو کا بابا بیدیا ناتھ دھام مندر کا چوتھا دورہ ہے۔ اس سے پہلے وہ جھارکھنڈ کی گورنر رہتے ہوئے دو بار بابا بیدیا ناتھ دھام مندر گئی تھیں اور ایک بار سابق صدر رام ناتھ کووند کے ساتھ وہاں جاچکی ہیں۔