تمل ناڈو میں شدید بارش

چنئی، نومبر۔تمل ناڈو میں جمعہ کو چنئی شہر سمیت کئی حصوں اورہمسایہ اضلاع میں شدید بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے چنئی اور ملحقہ اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے اور اس دن کے لیے ریڈ الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ کل رات سے شروع ہونے والی بارش آج صبح 6 بجے کے قریب اورتیز ہوگئی۔محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش کی وجہ سے ریاست کے 29 اضلاع کے تعلیمی اداروں میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ کئی اضلاع میں اسکول کالجوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بعض مقامات پر صرف اسکولوں کے لیے ہی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔تروپتر ضلع میں صرف پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔پڈوچیری میں موسلادھار بارش کے پیش نظر علاقائی انتظامیہ نے آج اور کل اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔موسلادھار بارش سے شہر اور مضافات متاثر ہوئے ہیں اور کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ گریٹر چنئی کارپوریشن کے اہلکار پانی کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کم دباؤ کا علاقہ جنوب مغربی خلیج بنگال اور شمال مشرقی سری لنکا کے ملحقہ علاقوں پر واقع ہے۔ کل صبح تک اس کے شمال مغرب کی طرف تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحلوں کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔اگلے 48 گھنٹوں میں شمالی ساحلی تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں الگ الگ مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ نے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس دوران کام نہ کریں۔

Related Articles