سُشانت کیس: وکیل کی سی بی آئی سے تفتیشی ٹیم کو مضبوط کرنے کی درخواست
نئی دہلی،بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے میں ایک سینیئر وکیل نے مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کو خط لکھ کر اس معاملے میں تفتیشی ٹیم کو مضبوط کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔
سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل اجے اگروال نے کہا کہ اس معاملے کے کئی پہلو سامنے آ رہے ہیں اور میڈیا بھی بے حد باریکی سے ہر پہلو پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اب تمام امیدیں سی بی آئی سے ہیں۔
انہوں نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر رشی کمار شکلا سے اس معاملے میں ذاتی طور پر نظر رکھنے کی گذارش کی ہے اور ان سے خود ممبئی جا کر اس معاملے کی نگرانی کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
سماجی تنظیم آل انڈیا سٹیزن سیلف ریسپیکٹ فیڈریشن کے چیئرمین مسٹر اگروال نے کہا کہ اس معاملے کی تفتیش سے ممبئی میں منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں کا بھی پردہ فاش ہو سکتا ہے اور اس میں شامل کئی بڑے لوگوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
اس معاملے میں ملزمہ ریا چکروری کے بھائی شووِک چکرورتی اور سُشانت کے گھر کے مینیجر سیمیول مِرانڈا سے نارکوٹکس کرائم بیورو نے پوچھ گچھ کی ہے۔ قبل ازیں ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کرکے سُشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے معاملے کو ممبئی پولیس سے سی بی آئی کو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔