کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا: رویندر رینا

جموں، اکتوبر۔ جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے شوپیاں میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حملہ آوروں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ملی ٹینٹوں نے ایک دفعہ پھر کشمیر میں ایک معصوم پنڈت کا قتل کیا جس کا بہت جلد بدلہ لیا جائے گا۔جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بھاجپا صدر رویندر رینا نے کہاکہ دہشت گردوں نے ایک دفعہ پھر کشمیری پنڈت کا قتل کیا اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن آ ل آوٹ شروع کیا اور پچھلے ایک مہینے کے دوران بڑی تعداد میں ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر عام شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔موصوف صدر نے کہاکہ مہلوک کشمیری پنڈت کے قتل میں ملوث ملی ٹینٹوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی اور بہت جلد اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔اُن کے مطابق شہری ہلاکتوں میں ملوث دہشت گردوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا ۔رویندر رینا نے مزید بتایا کہ وادی کشمیر میں حالات دھیرے دھیرے معمول پر آرہے ہیں لیکن ملک دشمن عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔بتادیں کہ ہفتے کے روز مشتبہ ملی ٹینٹوں نے شوپیاں کے چودھری گنڈ علاقے میں ایک کشمیری پنڈت پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔

Related Articles