کیوی کھلاڑی کے زوردار چھکے سے گیند 12 سالہ لڑکی کو جالگی، اسپتال منتقل
کرائسٹ چرچ،اکتوبر۔نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جاری سہ فریقی سیریز کے تیسرے میچ میں کیوی کھلاڑی کے شاندار شاٹ سے 12 سالہ مداح زخمی ہوگئی۔اتوار کے روز نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان میچ ہوا جس میں کیوی ٹیم کو جیت حاصل کرنے کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا گیا ، نیوزی لینڈ نے 18ویں اوور میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔18 ویں اوور کی آخری دو گیندیں نیوزی لینڈ کے بیٹر گلین فلیپس نے کھیلیں، اس اوور کی چوتھی گیند پر گلین نے زبردست چھکا لگایا جو کراؤڈ میں بیٹھی 12 سالہ بچی کی آنکھ کے اوپر جالگا۔واقعہ کے بعد فلیپس کو صورتحال کا اندازہ ہوا تو کریز پر موجود ڈیون کانوے اور فلیپس دونوں ہی پریشان ہوگئے۔اوور کی پانچویں گیند پر فلیپس نے ایک بار پھر چھکا لگایا اور ٹیم کو فتح دلائی تاہم خوشی منانے کے بجائے وہ بھاگتے ہوئے بچی کی جانب گئے اور اس کی خیریت دریافت کی تاہم اس کے بعد مداح کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور ساری رات دیکھ بھال کرنے کے بعد پیر کی صبح اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور اب وہ بہتر ہے۔خیال رہے کہ گلین فلیپس نے 9 گیندوں پر دھواں دھار 23 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔